نئی دہلی (یو این آئی) صدر رام ناتھ کووند نے ہفتہ کو کہا کہ ‘سوچھ بھارت مشن اربن 2.0’ کے تمام اہداف کو مقررہ وقت میں حاصل کرنا ضروری ہے کیونکہ صفائی کے زور پر ایک صحت مند اور خوشحال ملک کی تعمیر کی جا سکتی ہے ۔ آج یہاں وگیان بھون میں سوچھ امرت مہوتسو اور سوچھ سرویکشن ایوارڈ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر کووند نے کہا کہ کسی بھی ملک کوصفائی کی بنیاد پر ہی صحت مند اور خوشحال بنایا جا سکتا ہے ، اس لیے یہ ضروری ہے کہ ہر ایک کو سوچھ بھارت مشن شہری 2.0 کے اہداف کو مقررہ وقت میں حاصل کرنے کے لئے ہرممکن کوشش کرنی چاہیے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عام لوگوں میں سوچھ بھارت کا جذبہ اپنا مقام بنائے گا اورصاف، صحت مند و خوشحال ہندوستان 21ویں صدی کی عالمی برادری میں قابل فخر مقام حاصل کرے گا۔ صدر نے کہا کہ سال 2050 تک ملک کی شہری آبادی 81 کروڑ سے زائد ہونے کا اندازہ ہے ، اس لیے شہری صفائی کے بڑے چیلنجز کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل کی تیاری کی جانی چاہیے ۔ تمام اہل وطن کی یہ کوشش ہونی چاہیے کہ ہندوستان کی شناخت عالمی برادری میں ایک صاف ستھرے ملک کے طور پرقائم ہو۔ اس سے بین الاقوامی سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ مسٹرکووند نے کہا کہ صفائی ہماری فطرت کا حصہ ہے اور خاص طور پر تہواروں کے موقع پر لوگوں میں صفائی کے تئیں جوش و خروش نظرآتا ہے ، لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ یہ جوش وخروش سال بھر برقرار رہے تو ہمارے گا¶ں اور شہر صفائی کی مثال بن سکتے ہیں۔