وادی میں مختلف زرعی پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا
مرکزی وزارتِ زراعت وادی میں زراعت شعبے کی ترقی کیلئے مدد فراہم کرے گی۔ مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری
مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری برائے زراعت وبہبود کساناں پی کے سوین نے آج زرعی کمپلیکس لال منڈی کا دورہ کیا اور صوبہ کشمیر کے تمام اَضلاع میں عملائے جانے والے مختلف زرعی پروگراموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔اِس موقعہ پرخطاب کرتے ہوئے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری نے متعدد فصلوں کے نظام کی اہمیت پر روشنی ڈالی ۔ اُنہوں نے کسانوں کو مختلف کسان دوست سکیموں کے بارے میں بیداری پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو دیہی معیشت کی بقاءاور معاشی خوشحالی کی خاطر وضع کی گئی ہیں۔مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری موصوف نے کسانوں کو بہتر مارکیٹ لنکیج دستیاب کرنے کے لئے کہا کہ کسانوں کی آمدنی بڑھانے کے لئے تحریک دی جارہی ہے ۔اِس تناظر مین فارمر انٹرسٹ گروپس ( ایف آئی جی ) اور فارمر پروڈیوسر آرگنائزیشنز ( ایف پی او) کی تشکیل ہی واحد لازوال حل ہے۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی موجودہ پالیسیاں بشمول ایف پی اوز کی تشکیل جموں وکشمیر یوٹی کے لئے موزوں ہے۔دورانِ میٹنگ ناظم زراعت کشمیر چودھری محمد اقبال نے محکمہ کی طرف سے جاری مختلف پروگراموں کے بارے میں تفصیلی پاور پوائنٹ پرزنٹیشن دی۔ اُنہوں نے کہا کہ آرگنک گاو¿ں کا قیام منظم طریقے سے کسانوں کی حوصلہ افزائی، بیداری، صحت سے متعلق فوائد اور پائیدار زراعت کی خاطر نامیاتی کاشتکاری کی اقتصادی اہمیت کے لئے کیا جا رہا ہے۔ میٹنگ میں محکمہ تمام جوائنٹ ناظمین ، چیف ایگریکلچر اَفسران ، جے کے ہارٹیکلچر پلاننگ اینڈ مارکیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے ائیریا مارکیٹنگ اَفسران ، محکمہ زراعت کے ضلعی اَفسران اور تمام سب ڈویژنل ایگریکلچر اَفسران نے بھی شرکت کی۔اِس سے قبل مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری نے زرعی کمپلیکس لال منڈی میں قائم آرگنک سبزی منڈی کا دورہ کیا۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری موصوف نے کہا کہ وادی کشمیر میں نامیاتی کاشت کاری کے لئے بہترین زرعی موسمی حالات موجود ہیں جس سے کسانوں کے ساتھ ساتھ تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی بڑھ ہوسکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ مرکزی وزارت زراعت وادی میں مجموعی زرعی شعبے کی ترقی کے لئے ہر طرح کی مدد اور مدد فراہم کرے گی۔