وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کا سرینگر جموں اور دیگر سڑکوں کی بحالی کا جائزہ
اشیائے ضروریہ کی ترسیل یقینی بنانے کی ہدایت دی
سرینگر/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے ہفتے کو ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جموں،سرینگر قومی شاہراہ (این ایچ-44) سمیت حالیہ موسلا دھار بارشوں سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اجلاس میں مشیر ناصر اسلم وانی، چیف سیکریٹری اٹل ڈلو، ایڈیشنل چیف سیکریٹری دھیرج گپتا، پرنسپل سیکریٹری ہوم، پرنسپل سیکریٹری محکمہ تعمیرات عامہ، جموں و کشمیر کے ڈویژنل کمشنرز، متعدد ڈپٹی کمشنرز، بی آر او، این ایچ آئی ڈی سی ایل، این ایچ اے آئی اور پولیس کے سینئر افسران شریک ہوئے۔وزیر اعلیٰ نے حکام کو ہدایت دی کہ سڑکوں کی جلد از جلد بحالی، ٹریفک کی روانی اور بالخصوص وادی کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں کے دور افتادہ علاقوں تک اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کے درمیان قریبی ہم آہنگی اور عوامی ضرورتوں کے فوری جواب کے لیے بروقت اپ ڈیٹس کی ضرورت پر زور دیا۔چیف سیکریٹری نے اجلاس کو بتایا کہ این ایچ-44 کی بحالی اولین ترجیح ہے کیونکہ یہ وادی کو ملک کے دیگر حصوں سے جوڑنے والی شہ رگ ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وادی سے نکلنے والی ناشپاتی و سیب جیسی فصلوں کی ترسیل کو سہل بنایا جائے، جبکہ کشتواڑ اور ا±دھمپور جیسے اضلاع میں بجلی، پینے کے پانی، سڑک اور موبائل سروسز کی خرابی پر تشویش ظاہر کی۔ انہوں نے دھار۔مہانپور، رام بن۔گول اور ریاسی۔ماہو ر±وٹ جیسی شاہراہوں کی عارضی بحالی پر بھی زور دیا تاکہ متاثرہ اضلاع دوبارہ منسلک ہو سکیں۔وزیر اعلیٰ نے بانی، کشتواڑ، ریاسی اور ا±دھمپور جیسے کٹے ہوئے علاقوں میں راشن، ایندھن اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں تفصیل پوچھی اور افسران کو ہدایت دی کہ متبادل راستوں کے ذریعے ان اضلاع کو رسد فراہم کی جائے، جیسا کہ کشتواڑ کے لیے اننت ناگ روٹ اور بانی کے لیے بھدرواہ روٹ استعمال کیا جائے، تاوقتیکہ سڑکوں کی مکمل بحالی ممکن ہو۔ڈویڑنل کمشنر جموں نے اجلاس کو بتایا کہ این ایچ-44 کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور وادی میں رسدات کی ترسیل بحال ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں راشن، ایندھن یا دیگر ضروریات کی کوئی قلت نہیں ہے اور کٹے ہوئے علاقوں کو بھی مناسب رسد پہنچانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ڈویڑنل کمشنر کشمیر نے بھی اجلاس کو آگاہ کیا کہ وادی میں فی الحال ایندھن اور راشن وافر مقدار میں موجود ہے۔وزیر اعلیٰ نے ہدایت دی کہ بی آر او، این ایچ اے آئی، این ایچ آئی ڈی سی ایل اور دیگر ایجنسیوں کے زیرِ نگرانی جو سڑکیں اب بھی بند ہیں، ان پر مسلسل نظر رکھی جائے اور ان کی صورتحال کے بارے میں ان کے دفتر کو روزانہ صبح و شام رپورٹ پیش کی جائے۔













