سرینگر/وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے یوم عاشورہ کے موقع پر حضرت امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کو پ±رجوش خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ا±ن کی بے مثال قربانی کو حوصلے، استقامت اور ظلم کے خلاف مزاحمت کی لازوال علامت قرار دیا ہے۔اپنے پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ”سانحہ کربلا کوئی محض تاریخی واقعہ نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے لیے ایک اخلاقی سبق ہے۔ امام حسین علیہ السلام، جو رسول اکرم کے پیارے نواسے تھے، نے حق، عزت اور انصاف کے اعلیٰ ترین اصولوں کو تھامے رکھا اور ظلم کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کے بجائے شہادت کو ترجیح دی۔“انہوں نے کہا کہ ”کربلا میں امام حسینؓ کا موقف نسل در نسل لوگوں کو جھوٹ اور جبر کے خلاف ڈٹ جانے، اور انسانی وقار کی حفاظت کے لیے جدوجہد پر آمادہ کرتا ہے۔ ان کا پیغام فرقوں، علاقوں اور زمانوں کی قید سے بالاتر ہے۔“وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے کہا کہ امام حسینؓ کی قربانی، صبر اور سچائی جیسے اقدار آج کے دور میں مزید اہمیت اختیار کر گئے ہیں، جب سماج کو اخلاقی اور سماجی چیلنجوں کا سامنا ہے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کربلا کے پیغام پر غور کریں اور انصاف، مساوات اور پرامن بقائے باہمی جیسے اصولوں سے اپنی وابستگی کو پھر سے تازہ کریں۔وزیر اعلیٰ نے عاشورہ منانے والوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ جموں و کشمیر بھر میں محرم الحرام کی تقریبات کے پ±رامن اور باوقار انعقاد کو یقینی بنائیں۔عمر عبداللہ نے ریاست کے عوام کی سلامتی، ہم آہنگی اور خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔