سرینگر/05 جولائی/وی او آئی//وادی میں جھلسادینے والی گرمی کی لہر جاری رہنے کے بعد وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے کہا ہے کہ اتوار کو گرمائی تعطیلات میں اضافہ پر فیصلہ ہوگا اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کے ساتھ حتمی بات چیت چل رہی ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق جموں و کشمیر کی وزیر تعلیم سکینہ ایتو نے ہفتہ کو کہا کہ یوٹی میں جاری شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر موسمِ گرما کی تعطیلات میں توسیع سے متعلق حتمی فیصلہ اتوار کو کیا جائے گا۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ محکمہ تعلیم کو والدین اور طلبہ کی جانب سے تعطیلات میں توسیع کے لیے بڑی تعداد میں فون کالز موصول ہوئی ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمیں مسلسل والدین اور طلبہ کی کالیں موصول ہو رہی ہیں جو اس غیر معمولی گرمی میں چھٹیوں میں توسیع کی درخواست کر رہے ہیں۔سکینہ ایتو نے واضح کیا کہ حتمی فیصلہ اتوار کو موسم کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا، "ہم صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ اگر گرمی کی لہر کل بھی برقرار رہی تو ہم طلبہ کی صحت اور بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب فیصلہ کریں گے۔وزیر تعلیم نے موجودہ شدید موسم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بارش اور خدائی رحم کی دعا کی۔ انہوں نے کہا، "ہم بارش کے لیے دعاگو ہیں اور امید کرتے ہیں کہ اللہ ہم پر رحم فرمائے۔ ہمارے بچوں کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے۔واضح رہے کہ وادی کشمیر گزشتہ کئی روز سے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہے، جس کے سبب مختلف حلقوں کی جانب سے تعطیلات میں توسیع کی اپیلیں کی جا رہی ہیں۔ موجودہ تعطیلات، جو سرکاری اور تسلیم شدہ نجی اسکولوں کے لیے پہلے ہی اعلان شدہ تھیں، اتوار کو ختم ہو رہی ہیں۔