نئی دہلی/مرکزی وزیر تجارت و صنعت، جناب پیوش گوئل، نے یکم جون 2025 کو فرانس کے سہ روزہ سرکاری دورے کا آغاز کیا۔ یہ دورہ یکم سے 5 جون 2025 کے درمیان فرانس اور اٹلی کے طے شدہ دورے کا حصہ ہے۔ یہ دورہ بھارت کے کلیدی یورپی شراکت داروں کے ساتھ اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور مشترکہ پائیدار و جامع عالمی ترقی کے ویژن کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔فرانس میں قیام کے دوران، جناب گوئل کی فرانسیسی وزراء سے دو طرفہ ملاقاتیں طے ہیں، جن میں وزیرِ معیشت جناب اِرک لومبارڈ اور وزیرِ تجارت جناب لورینٹ سینٹ-مارٹن شامل ہیں۔ ان ملاقاتوں میں بھارت-فرانس اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے شعبوں میں نئے مواقع تلاش کرنے پر بات چیت ہوگی۔فرانس کے اس اعلیٰ سطحی دورے کے دوران، ایک جامع تجارتی ایجنڈا ترتیب دیا گیا ہے جس میں فرانس کی معروف کمپنیوں جیسے کہ وِکاٹ، ٹوٹل انرجیز، لوریل، رینالٹ، ویلیو، ای ڈی ایف، اور اے ٹی آر کے اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں شامل ہیں۔ اس دورے میں بھارت-فرانس تجارتی گول میز اور بھارت-فرانس سی ای او فورم بھی شامل ہوں گے، جن کا مقصد دونوں ممالک کی صنعتوں کے ممتاز رہنماؤں کے مابین مکالمے کو فروغ دینا ہے۔اپنے قیام کے دوران، جناب گوئل او ای سی ڈی وزارتی کونسل اجلاس کے حاشیے پر منعقد ہونے والے عالمی تجارتی تنظیم (ڈبلیو ٹی او) کے وزرا کے غیر رسمی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ اس اہم فورم پر وہ عالمی تجارتی امور پر اپنے بین الاقوامی ہم منصبوں کے ساتھ بات چیت کریں گے اور بھارت کے نقطۂ نظر نیز ترجیحات کو اجاگر کریں گے۔دورے کے حصے کے طور پر، وزیر موصوف اہم بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ اعلیٰ سطحی دو طرفہ ملاقاتوں کا انعقاد کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں: برطانیہ کے وزیر برائے کاروبار و تجارت جناب جوناتھن رینالڈز، سنگاپور کے نائب وزیر اعظم اور وزیر برائے تجارت و صنعت جناب گین کم یونگ، اور سعودی عرب کے وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد بن عبداللہ القصبی شامل ہیں۔یہ ملاقاتیں بھارت کی جاری کوششوں کی عکاسی کرتی ہیں جن کا مقصد دو طرفہ اور کثیرالملکی شراکت داریوں کو مضبوط بنانا اور خود کو عالمی تجارت و سرمایہ کاری میں ایک کلیدی کردار ادا کرنے والے ملک کے طور پر مستحکم کرنا ہے۔فرانس میں اپنی مصروفیات مکمل کرنے کے بعد، جناب پیوش گوئل دورے کے اگلے مرحلے میں اٹلی روانہ ہوں گے۔