پہلگام منفی 4ڈگری پر مجمند ، 20نومبر تک موسمی صورتحال میں تبدیلی کا کوئی امکان نہیں
صبح کے اوقات گہرے دھند کے نتیجے میں لوگوں کو مشکلات ،گاڑیوں کو ہیڈ لائٹس کرنی پڑی استعمال
وادی کشمیر میں شبانہ درجہ حرارت میں نمایاں گراوٹ ریکارڈ کرنے سے پوری وادی شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں۔سخت ترین سردیوں کے بیچ سرینگر میں رواں موسم کی اب تک سرد ترین رات درج کی گئی جبکہ مشہور سیاحتی مرکز پہلگام بھی سرد ترین جگہ ریکارڈ ہوئی ۔اس دوران محکمہ موسمیات نے پیشنگوئی کی ہے کہ 20نومبر تک وادی کشمیر میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے تاہم اس عرصے کے دوران مطلع ابروآلود رہنے کا بھی امکان ہے۔ ادھر شہر سرینگر سمیت وادی کے دیگر علاقوں میں اعلیٰ صبح سخت ترین دھند کے نتیجے میں ہر طرف ادھیرا جیسا چھایا تھا جبکہ گاڑیوں کو کئی گھنٹوں تک ہیڈ لائٹس کا استعمال کرناپڑا ۔ اطلاعات کے مطابق وادی کشمیر میں جاری شدید سردی کی لہر کے بیچ خطہ لداخ کے قصبہ کرگل میں گزشتہ رات رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی جس کے دوران یہاں کم از کم درجہ حرارت نقطہ انجمادسے کئی ڈگری نیچے ریکارڈ کیا گیا ۔ اگر چہ خطہ لداخ کے قصبہ لہہ میں رات کے درجہ حرارت میں گزشتہ رات معمولی بہتری ریکارڈ کی گئی تاہم یہ پھر بھی میں سرد ترین جگہ بنی ہوئی ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں سردی کی شدت میں تیزی کے بیچ سرینگر میں رواں موسم کی اب تک کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سرینگر میںرواں موسم کی سر د ترین رات دیکارڈ کی گئی جس دوران سرینگر میں شبانہ رجہ حرارت منفی1.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے کافی کم تھا۔وادی کے مشہور دہر سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرات منفی 1.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی1.6ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا کم سے کم درجہ حرارت منفی4.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔۔سرینگر میں اگر چہ صبح لوگوں نے کھلی دھوپ کا نظارہ کیا تاہم یخ بستہ ہواﺅں کے نتےجے میں یہاں کا موسم بھی سرد ہی محسوس کیا جارہا ہے۔سرینگر میں بھی رات کے درجہ حرارت میں ہلکی گراوٹ ریکارڈ کی گئی ہے ۔ ادھر وادی کشمیر میں سردیوں کے ایام کے دوران بجلی کی عدم دستیابی کے نتےجے میں لوگ مشکلات سے دو چار ہے جبکہ سردی سے بچنے کیلئے اہلیان کشمیر نے گرم ملبوسات زیر تن کرنا شروع کر دیا ہے اور سردی سے بچنے کیلئے روایتی اور جدید گرمی کے آلات کا استعمال کرنا بھی شروع کر دیا ہے۔