3زخمیوں کی موت واقعہ،2زیرعلاج
پونچھ میں ٹریکٹر کے الٹنے سے 3 افراد زخمی
سری نگر//جموں سری نگر ہائی وے پر نویوگ ٹنل کے قریب منگل کی شام ایک سڑک حادثے میں زخمی ہونے والے3 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔اس دوران پونچھ ضلع کے گلی ناگ علاقے میں بدھ کو ایک ٹریکٹر کے الٹ جانے سے کم از کم3 افراد زخمی ہو گئے۔جے کے این ایس کے مطابق حکا م نے بتایاکہ منگل کو شام دیر گئے تقریباً 8بجکر40منٹ پر ، جموں سے سری نگر کی طرف جانے والی ایک ہیکٹر گاڑی نیویگ ٹنل کے قریب تیز رفتاری کی وجہ سے کنٹرول کھو بیٹھی اور ایک ڈیوائیڈر اور پولیس بیریئر سے ٹکرا گئی۔حادثے میں اسپیشل پولیس آفیسر (SPO) سمیت5 افراد زخمی ہوگئے۔تمام زخمیوں کو علاج کے لیے ایمرجنسی اسپتال قاضی گنڈ منتقل کیا گیا، جہاں سے انھیں مزید علاج کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کیا گیا۔عہدیداروں نے بتایاکہ ایک زخمی شخص ہیر پورہ شوپیاں کے رہنے والے زبیر احمد وانی کو پہنچنے پر مردہ قرار دیا گیا تھا۔ دوسرے شخص کی شناخت مشتاق احمد دلال کے نام سے ہوئی، جو شوپیاں کا رہنے والا تھا، رات کے وقت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔پولیس نے تھانہ قاضی گنڈ کولگام میں دفعہ 281,125(a), 324(4) بی این ایس کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی۔چھ دن پہلے نویوگ ٹنل کے اندر ایک حادثہ پیش آیا تھا جس میں ایس آر ٹی سی کی بس الٹنے سے ڈرائیور سمیت 17 افراد زخمی ہوگئے تھے۔اس دوران پونچھ ضلع کے گلی ناگ علاقے میں بدھ کو ایک ٹریکٹر کے الٹ جانے سے کم از کم3 افراد زخمی ہو گئے۔ حکام نے بتایاکہ ایک ٹریکٹر جو جندرولا سے گلی ناگ کی طرف آرہا تھا حادثے کا شکار ہوگیا جس میں تین افراد زخمی ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ حادثے کے فوراً بعد مقامی لوگ موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا۔پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کر لیا ہے۔











