ہفتہ کے روز عوامی نقل وحمل ،کاروباری اور تعلیمی سرگرمیاں اثر انداز
کئی اضلاع میں تعلیمی ادارے بند،30فیصد نوعمر طلباءاور طالبات کا اسکول جانے سے احتراض
سری نگر /وادی کشمیر میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، جہاں درجہ حرارت کئی علاقوں میں نقطہ انجماد سے نیچے درج کیا گیا ہے وہیں وادی کے مختلف حصوں میں تازہ برفباری ریکارڈ کی گئی ہے۔ موسمیاتی مرکز سری نگر کے مطابق کشمیر کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے باعث سردی میں مزید اضافہ ہوا ہے،اور معمول کی عوامی نقل وحمل اور کاروباری وتجارتی سرگرمیاں متاثررہیں۔جے کے این ایس کے مطابق وادی کشمیر میں جمعہ کو شام دیر سے موسلا دار بارشوں اوربرف باری کا سلسلہ ہفتہ کودن بھر وقفے وقفے سے جاری رہا ۔جسکے نتیجے میں معمول کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں۔گریزبانڈی پورہ ،کشتواڑ اور رام بن اضلاع میں تعلیمی ادارے بندرہنے کے بیچ ہفتہ کے روز کشمیر وادی میں تقریباً30فیصد نوعمر طلباءوطالبات نے برستی بارش میں اسکول جانے سے احتراض کیا ۔ تازہ برف باری ہوئی۔حکام نے بتایاکہ کشمیر کے کئی بالائی اور میدانی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی، جب کہ سری نگرسمیت کشمیر وادی کے دیگر حصوں میں جمعہ کو رات دیر گئے شروع ہونے والی بارش ہفتہ کو دن بھر وقفے وقفے سے جاری رہی ۔حکام نے بتایا کہ اننت ناگ، کولگام، شوپیاں اور پلوامہ اضلاع کے میدانی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی، جبکہ گلمرگ، سونمرگ،اہربلدودھ پتھری اور پہلگام کے سیاحتی مقامات میں بھی برف باری ریکارڈ کی گئی۔عہدیداروں نے مزید کہا کہ ضلع بانڈی پورہ کے گریز، کپوارہ کے کچھ علاقوں اور وادی کے دیگر کئی اونچے علاقوں میں بھی برف باری ہوئی جو آخری اطلاعات آنے تک جاری تھی۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بیشتر حصوں میں ہلکی سے درمیانی بارش ہو رہی ہے۔اس دوران معلوم ہواکہ رات بھر بارشوںکا سلسلہ جاری رہنے اور ہفتہ کی صبح بھی برسات ہونے کے باعث اسکولی طلباءو طالبات کی ایک بڑی تعداد گھروں پرہی رہی اور انہوںنے برستی بارش میں اسکول جانے سے احتراض کیا ۔بارشوں کاسلسلہ جاری رہنے کی وجہ سے بازاروں میں بھی کاروباری یعنی خریدوفروخت کی سرگرمیاں کافی کم نظرآئیں ،کیونکہ کم تعدادمیں لوگ ضرور ی گھریلو یا کھانے پینے کا سامان خریدنے کیلئے بازار آئے ۔ موسمیاتی مرکز سری نگر نے ہفتے کے روز بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیش گوئی کی ہے۔ موسمیاتی مرکز نے کہا کہ اتوار کی صبح تک کئی مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی بارش یا برفباری کا امکان ہے۔مرکز نے کہا کہ اتوار کو دوپہر کے بعد موسم میں بہتری آنے کا امکان ہے۔اس دوران موسمیاتی مرکز نے جانکاری فراہم کی کہ سرینگر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 9.5ڈگریز سینٹی گریڈ اور کم سے کم 2.0 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ قاضی گنڈ میں زیادہ سے زیادہ 10.6ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت 0.0 سینٹی گریڈ رہا، جہاں 2 سینٹی میٹر برفباری ہوئی۔سیاحتی مقامات میں بھی شدید سردی دیکھی گئی، جہاں پہلگام میں درجہ حرارت منفی 6.0ڈگری سیلسیش تک گر گیا اور 14 سینٹی میٹر برفباری ریکارڈ کی گئی، وہیں گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.2ڈگری سینٹی گریڈ رہا اور 13.7 سینٹی میٹر برفباری ہوئی۔دیگر علاقوں میں سرحدی ضلع کپوارہ میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 9.4ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم4.4ڈگری سینٹی گریڈ، جبکہ کوکرناگ میں زیادہ سے زیادہ 8.9ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 0.1ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔جموں ڈویڑن میں بھی ٹھنڈ میں اضافہ ہونے کی اطلاع ہے ۔جموں شہر نسبتاً گرم رہا، جہاں جمعہ کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت22.4ڈگریز سینٹی گریڈ اور کم سے کم 14.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، تاہم بلند مقامات پر سردی کی شدت زیادہ رہی۔بانہال میں کم سے کم درجہ حرارت 1.5ڈگری سینٹی گریڈ، بٹوت میں4.5سینٹی گریڈ، اور کٹرہ میں 11.0سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ بھدرواہ میں سردی کی شدت سب سے زیادہ رہی، جہاں درجہ حرارت 9.0سینٹی گریڈ تک گر گیا۔اس دوران جموں خطے میں بارش کا سلسلہ بھی جاری ہے، جہاں رام بن ضلع میں سب سے زیادہ 25.5 ملی میٹر بارش ہوئی، وہیں بانہال میں43.7 ملی میٹر، راجوری میں13.2 ملی میٹر اور پونچھ میں1.0 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔تعلیمی ادارے بند:سردی کے پیش نظر کشتواڑ ضلع اور گریز کے علاقوں میں تمام تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل رام بن ضلع میں بھی شدید بارش کے باعث تمام سرکاری و نجی اسکولوں کو بند کر دیا گیا تھا۔