متعلقہ محکموں کے سربراہان دُور دراز علاقوں کا ماہانہ دورہ کریں اوربیداری کیمپوں کا اِنعقاد کریں
صوبہ جموں سے جے اینڈ کے ایڈوائزری بورڈ فار ڈیولپمنٹ آف کسانوں کے نو منتخب ممبران کی ایک تعارفی و تبادلہ خیال میٹنگ آج یہاں کرشی بھون میں منعقد ہوئی۔یہ میٹنگ بورڈ کے وائس چیئرمین اور پرنسپل سیکرٹری زراعت اور بہبودی کساناں نوین کمار چودھری کی سربراہی میں منعقد ہوئی۔اِس موقعہ پر وائس چانسلر شیر کشمیر یونیورسٹی آف ایگر یکلچر سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی جموں پروفیسر جے پی شرما موجود تھے ۔ وہ بورڈ کے سابق رکن بھی ہیں۔تعارفی و تبادلہ خیال میٹنگ کا اِنعقاد سہولیت فراہم کرنے اور خطے کے کسانوں کے اہم مسائل کو اُٹھانے،بورڈ اور اِس کے ممبران کے مشن اور مقاصد کو اُجاگر کرنے کے لئے کیا گیاتھا۔اِس موقعہ خطاب کرتے ہوئے پرنسپل سیکرٹری نے حالیہ ژالہ باری ، بارش اور برفباری سے تباہ شدہ فصلوں کے نقصان پر کسانوں کے ساتھ ہمدردی کا اِظہا ر کیا ۔اُنہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ وہ کسانوں کو نقصان میں راحت فراہم کرنے کے لئے ایک ہفتے میں سروے مکمل کریں اور بورڈ کے ممبران پر زور دیا کہ وہ کسانوں کو اپنی فصلوں کا بیمہ کرنے کی ترغیب دیں اور پی ایم کسان ندھی یوجنا کے بارے میں بیداری پھیلائیں ۔پرنسپل سیکرٹری نے حاضرین کو مطلع کیا کہ ہندوستان کا مقصد تیل کے بیجوں کی پیداوار میں اِضافہ کرنا ہے اور اِس کے لئے ان کا محکمہ جموںوکشمیر یوٹی میں اِس کی پیداوار کو بڑھانے میں مدد کر رہا ہے ۔ اُنہوں نے کہاکہ کشمیر خطہ میں اس برس بیجوں کی اپنی گزشتہ پیداوار سے دس گنا زیادہ متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح جموں خطے میں ریکارڈ پیداوار کی توقع ہے۔