سابق وزرائے اعلیٰ کے بیٹوں کا مقابلہ عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال سے ہوسکتا ہے
نئی دہلی: ۵۱ دسمبر ( ایجنسیز) دہلی اسمبلی انتخابات کی نئی دہلی سیٹ پر انتہائی دلچسپی کا مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔ دہلی کے سابق وزرائے اعلیٰ کے بیٹوں کا مقابلہ موجودہ رکن اسمبلی اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کجریوال سے ہو سکتا ہے۔ دہلی کے سابق وزیر اعلیٰ صاحب سنگھ ورما کے بیٹے پرویش ورما نے کہا کہ انہیں نئی دہلی سیٹ سے الیکشن لڑنے کیلئے تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔ کانگریس نے اس سیٹ پر پارٹی کے امیدوار کے طور پر سندیپ دکشت کے نام کا اعلان کیا ہے۔ سندیپ شیلا دکشت کے بیٹے ہیں جو تین بار دہلی کی وزیر اعلیٰ رہ چکی ہیں۔ جمعہ کو ایک تقریب میں، اروند کیجریوال نے ان افواہوں کو مسترد کیا کہ وہ نئی دہلی کی سیٹ چھوڑ کر اگلے سال ہونےوالے اسمبلی انتخابات میں کسی اور حلقے میں جانے والے ہیں۔ جب کیجریوال سے سیٹ تبدیل کرنے کے امکان کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ میں نئی دہلی سیٹ سے اور وزیر اعلیٰ آتشی کالکاجی سے الیکشن لڑیں گی۔ اروند کیجریوال نے خود کو ‘عام آدمی’ بتایا اور سندیپ دکشت اور پرویش ورما کے بارے میں کہا کہ وہ سابق وزرائے اعلیٰ کے بیٹے ہیں۔ دہلی کے وزیر اعلیٰ رہ چکے کجریوال نے کہا کہ نئی دہلی کی سیٹ پر مقابلہ سابق وزرائے اعلیٰ کے بیٹوں اور عام آدمی کے درمیان ہوگا۔ لوک سبھا میں مغربی دہلی حلقہ کی سابقہ نمائندگی کرنےوالے پرویش ورما نے کہا کہ ان کی پارٹی نے ان سے نئی دہلی سیٹ سے تیاری کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی امیدواروں کی فہرست جاری ہونا باقی ہے۔ ورما نے دعویٰ کیا کہ کیجریوال نے 2013 سے نئی دہلی کے علاقے کی اسمبلی میں تین بار نمائندگی کرنے کے باوجود اپنے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ نئی دہلی سیٹ پر بی جے پی جیتے گی۔













