سری نگرمیں ملزم بندوق سمیت گرفتار، غیر قانونی شکار برآمد
تحقیقات شروع ،دیگر ملزمان کے نام سمن جاری :ڈپٹی کنزرویٹرالطاف حسین
سری نگر:/ جنگلی جانوروں اور پرندوں کا غیر قانونی شکارکرنے والوں کیخلاف مہم چھیڑتے ہوئے محکمہ برائے تحفظ جنگلی حیات ویٹ لینڈڈویژن سری نگرنے علاقہ حبک سے ایک ملزم کو گرفتار کیا جبکہ لال بازار علاقے میںدیگر ملزمان کی تحویل سے غیر قانونی شکار پکڑا گیا۔جے کے این ایس کے مطابق ایک بیان میں محکمہ برائے تحفظ جنگلی حیات ویٹ لینڈڈویژن سری نگرنے کہاکہ سوشل میڈیا ویڈیوز کے جواب میں سری نگر کے علاقے میں چھاپوں کا سلسلہ شروع کیاگیا ہے جس میں وولر جھیل میں مبینہ طور پر غیر قانونی شکار کی سرگرمیوں میں ملوث افراد کو دکھایا گیا ہے۔ بیان کے مطابق ویڈیوز میں لوگوں کو آتشی اسلحہ لے کر دکھایا گیا ہے، جو جنگلی حیات کے شکار میں ملوث ہونے کا اشارہ دیتے ہیں، اور حکام کی جانب سے فوری کارروائی کا اشارہ دیتے ہیں۔بیان کے مطابق 10 دسمبر کوصبح کے اوقات میں، محکمہ برائے تحفظ جنگلی حیات کی ٹیموں نے متعدد مقامات پر مربوط چھاپے مارے، جس کا مقصد ملوث افراد کو پکڑنا تھا۔ چھاپوں کے دوران، جو اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے، سری نگر کے علاقے حبک سے ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا اور اس کے گھر سے ایک بندوق ضبط کی گئی، جب کہ اس دوران مختلف آلات اور گیئرز کا استعمال کیا گیا۔بیان میں مزیدکہاگیاکہ سری نگر کے لال بازار علاقے سے دیگر ملزمان کے احاطے میں تلاشی آپریشن کے دوران غیر قانونی شکار پکڑا گیا۔ بیان کے مطابق یہ فیصلہ کن کارروائی محکمہ کے جنگلی حیات کے تحفظ اور محفوظ علاقوں کو خطرے میں ڈالنے والی غیر قانونی سرگرمیوں سے نمٹنے کے عزم کی نشاندہی کرتی ہے۔ ڈپٹی کنزرویٹر ویٹ لینڈز الطاف حسین کے مطابق معاملے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہے اور دیگر ملزمان کو بھی پیش ہونے کے لئے سمن جاری کر دئیے گئے ہیں۔الطاف حسین نے کہاکہ اس قسم کی کارروائی سے ظاہر ہوتا ہے کہ محکمہ جنگلی حیات کی بد نیتی کے حامل افراد کے خلاف صفر رواداری ہے جو مختلف ویٹ لینڈز میں غیر قانونی شکار کا سہارا لیتے ہیں۔انہوںنے مزید کہاکہ محکمہ ھٰذاکی جانب سے جنگلی حیات کا شکار کرنے والوں پر سخت کارروائی کی جائے گی اور ان کے ساتھ آہنی مٹھی سے نمٹا جائے گا۔