پہلگام میں موسم کی پہلی برف باری ،سردی میں تیزی
آج سے 3دسمبرتک برف باری اور الگ تھلگ مقامات پر ہلکی بارش ہونے کاامکان
سری نگر/ موسمیاتی ماہرین کی پیش گوئی کے عین مطابق جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی رات بالائی علاقوںمیں تازہ برف باری اور کچھ میدانی علاقوں میں گھنے بادل چھائے رہنے کے بیچ ہلکی بارش بھی ہوئی ۔اس دوران جنوبی کشمیرمیں واقع مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں موسم کی پہلی برف باری شروع ہوئی۔تازہ برف وباراں کی وجہ سے ہفتہ کو دن بھر کشمیرمیں یخ بستہ ہوائیں چلتی رہیں ،جسکے باعث سردی کی شدت میں اضافہ محسوس کیاگیا ۔ادھر موسمیاتی مرکز سری نگرنے 31نومبرسے 3دسمبرتک بالائی علاقوںمیں ہلکی برف باری اور الگ تھلگ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہونے کاامکان ظاہرکیا جبکہ موسمیاتی مرکز کے مطابق 4سے7دسمبرتک موسم خشک رہنے کے بعد 8دسمبرکو پھر کئی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارش متوقع ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق جمعہ کی شام سے ہی کشمیرمیں بادل چھائے رہے اور موسمیاتی ماہرین کی پیش گوئی کے مطابق دیر رات کئی اوپری علاقوں میں برف باری کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔ہفتہ کے روزحکام نے بتایاکہ مغل روڈپرواقع پیر کی گلی علاقے میں ہفتہ کی صبح ہلکی برف باری شروع ہوئی جبکہ سونہ مرگ سے زوجیلاتک کے علاقے میں بھی تازہ برف باری ہوئی ۔حکام نے مزید بتایاکہ گریز وادی میں رازدان ٹاپ کے علاوہ کرناہ کپوارہ سڑک پر سادھنا ٹاپ کے مقام پر بھی دوران شب سے صبح کے دوران تازہ برف باری ہوئی ،اور بیشتر علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری تھا اور کئی کئی انچ تازہ برف جمع ہوگئی تھی ۔انہوںنے مزید بتایاکہ جنوبی کشمیر کے میدانی علاقوں بشمول کولگام، شوپیاں اور اننت ناگ میں ہلکی بارش کی اطلاع کے ساتھ کشمیر میں آج موسم کے مختلف نمونے دیکھنے میں آئے۔ وسطی کشمیر میں بھی بکھری ہوئی بارش ہوئی، جس سے سردی میں اضافہ ہوا۔ پیر کی گلی، سنتھن ٹاپ، شوپیان، جواہر ٹنل، کولگام اور سونمرگ میں درمیانی درجے کی برف باری ہوئی، جو ان علاقوں کو دلکش لیکن سفر کےلئے مشکل بنا رہی ہےں۔حکام نے بتایاکہ رازدان ٹاپ پر تازہ برفباری کی وجہ سے بانڈی پور ،گریز روڈ عارضی طور پر بندکردیاگیا۔حکام نے ہفتے کی صبح اس کی تصدیق کی۔ انہوںنے بتایاکہ ہفتہ کی رازدان ٹاپ پر برف باری کا آغاز ہوا، جس نے مسافروں کی حفاظت کو ترجیح دینے کےلئے عارضی بندش کا اشارہ دیا۔ احتیاطی اقدام کے طور پر، گریز بانڈی پورہ سڑک پر نقل و حرکت معطل کردی گئی ہے۔ عہدیداروں نے ڈرائیوروں اور مسافروں کو اگلے نوٹس تک سڑک کا استعمال کرنے سے گریز کرنے کے مشورے کا اعادہ کیا۔اس دوران شمال وجنوب کئی میدانی علاقوںمیں بارش ہونے کی اطلاع بھی ملی ۔ادھر موسمیاتی مرکز سری نگرنے 31نومبرسے 3دسمبرتک بالائی علاقوںمیں ہلکی برف باری اور الگ تھلگ میدانی علاقوں میں ہلکی بارش ہونے کاامکان ظاہرکیا جبکہ موسمیاتی مرکز کے مطابق 4سے7دسمبرتک موسم خشک رہنے کے بعد 8دسمبرکو پھر کئی علاقوں میں ہلکی برف باری اور بارش متوقع ہے ۔ موسمیاتی مرکز سری نگر کے مطابق 9اور10دسمبرکو موسم خشک رہنے کی توقع ہے جبکہ سیاحوں،مسافروں،ٹرانسپورٹرز کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ انتظامیہ اور کی ہدایت کے مطابق ٹریفک ایڈوائزری پر عمل کریں۔