جموں پولیس نے شوٹ آوٹ میں ملوث دو بد معاشوں کی گرفتاری عمل میں لا کر ان کے قبضے سے پستول اور گولیوں کے راونڈ برآمد کئے ۔ایس پی جموں رولر برجیش کمار شرما نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 2اور 3نومبر کی درمیانی شب نکی طوی میں نامعلوم افراد نے عمران خلییل ساکن گوجر نگر پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور اس کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔انہوں نے کہاکہ فائرنگ کے اس واقعے میں ملوث دو افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور ان میں سے ایک بد زمانہ منشیات فروش ہے اوراس کے خلاف متعدد کیس بھی درج ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کا واقع پیش آنے کے بعد پولیس نے تحقیقات شروع کی اور کئی ٹیموں کو تشکیل دیا گیا ۔ایس پی کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کو کھنگالنے کے بعد پولیس نے محمد حسین کھٹانہ اور محمد رمضان کو طوی برج کے نزدیک گرفتار کیا ۔ ان کے مطابق گرفتار شدگان کے قبضے سے اٹھارہ گرام ہیروئن برآمد کی گئی اور پوچھ تاچھ کے دوران دونوں نے شوٹ آوٹ میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گرفتار شدگان کے قبضے سے پستول اور 16گولیوں کے راونڈ بھی برآمد کرکے ضبط کئے گئے ۔ ایس پی کا کہنا ہے کہ رمضان نامی منشیات فروش پولیس کو نو کیسوں میں انتہائی مطلوب ہے اور وہ مویشی اسمگلنگ کیسوں میں بھی ملوث رہا ہے ۔یو این آئی