سری نگر۔۔۔یوتھ سروس اینڈ سپورٹس کے وزیر ستیشن شرما کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر کے سپورٹس کو ملک کے اول درجے کے سپورٹس کی سطح تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس شعبے میں جہاں جہاں بھی کمیاں ہیں ان کو بہت جلد پورا کیا جائے گا۔ موصوف وزیر نے ان باتوں کا اظہار منگل کو یہاں ایک تقریب کے حاشیئے پر نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔انہوں نے کہا: ‘وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ صاحب کی ہدایات ہیں کہ جموں وکشمیر میں سپورٹس کا معیار بہت اونچا ہونا چاہئے ، لہذا اس شعبے میں جہاں جہاں کمیاں ہیں ان کو جلد پورا کیا جائے گا¾۔ان کا کہنا تھا: ‘پچھلے دس برسوں میں جو کچھ ہوا اس کو ٹھیک کرنا ہے جس کے لئے مجھے کم سے کم دس مہینوں کے وقت کی ضرورت ہے ¾۔مسٹر شرما نے کہا کہ سپورٹس بھی ایک موثر ذریعہ ہے جس سے نوجوانوں کو نشے کی لعنت سے بچایا جا سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ تاہم اس سلسلے میں سماج کے تمام شعبوں سے وابستہ لوگوں کو اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔ان کا کہنا تھا: ‘ جو بھی منشیات سمگلنگ میں ملوث ہوگا چاہئے وہ سیاسی لیڈر یا پولیس افسر بھی کیوں نہ ہو ان کی نشاندہی کی جائے گی اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی’۔موصوف وزیر نے کہا کہ ہندوستان عروج پر ہے لیکن ہمسایہ ملک یہ نہیں چاہتا ہے کہ ہندوستان ترقی کرے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری فوج اور پولیس دشمن کا منہ توڑ جواب دے رہی ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے سپورٹس کو ملک کے اول درجے کے سپورٹس کی سطح تک لے لیا جائے گا۔