سرینگر/ سرینگر شہر کے لالچوک ، آفتاب مارکیٹ ،بڈشاہ چوک، مائسمہ ، ، پریس کالونی، آبی گزر ، ککر بازار، کوٹ روڑ ، امراکدل، سرائے بالا ، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ اور دیگر ملحقہ علاقہ جات میں گزشتہ دس پندرہ دنوں سے پینے کے صاف پانی کی شدید قلت پائی جارہی ہے اور اس مصروف ترین علاقہ جات میں تاجروں، دکانداروں، کاروباری اداری، ہوٹل اور رستوران والوں، سرکای و غیر سرکاری دفاتر میں کام کررہے عملہ جات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔مذکورہ علاقہ جات کاروباری ،سیاحتی اور دیگر سرگرمیوں میں ہر وقت مصروف رہتا ہے تاہم پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی سے لوگ ذہنی کوفت کے شکار ہورہے ہیں ۔ لوگوںنے بتایا کہ حاجی مسجد، گاﺅ کدل مسجد اور دیگر آس پاس کی مساجد بشمول دستگری صاحب آستان امیرا کدل میں بھی پانی کی قلت پائی جاتی ہے جس کی وجہ سے نمازیوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا رہتا ہے ۔ اس ضمن میں لوگوں نے بتایا کہ محکمہ پی ایچ ای کی جانب سے صبح کے اوقات کے دوران دوپہر گیارہ ، بارہ بجے تک پانی فراہم کیا جاتا ہے تاہم اس کے بعد اگلے دن کی صبح تک نل سے ایک بھی بوند پانی سپلائی نہیں کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے لوگ پانی کی ایک ایک بوند کےلئے ترس رہے ہیں۔ ادھر لوگوںنے کہا کہ اگرچہ اس ضمن میں متعلقہ حکام سے بار بار اپیل کی گئی لیکن محکمہ کی جانب سے اس ضمن میں کوئی بھی عملی اقدام نہیں اُٹھایا ہے ۔ لوگوں نے بتایا کہ جن واٹر ریزرو سے شہر کے ان علاقوں کو پانی فراہم کیا جاتا ہے وہاں سے اگرچہ پانی کی فراہمی میں کوئی کمی نہیں کی گئی ہے تاہم محکمہ کی ڈسٹربیوشن ونگ کی ناقص کارکردگی سے صارفین کو پانی کی قلت کا سامنا ہے ۔