جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام میں اتوار کی شام کو اُس وقت افراتفری کا ماحول پھیل گیا جب نامعلوم افراد نے سی آر پی ایف 18بٹالین کی پارٹی پر نہامہ چوک میں گرنیڈ سے حملہ کیا ۔ گرنیڈ زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا ۔ اس دوان پولیس ، فورسز اور فوج نے حملہ آوروں کی تلاش بڑے پیمانے پر شروع کی ۔ اطلاعات کے مطابق جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے نہامہ چوک میں اتوار کو شام دیر گئے اُس وقت افراتفری کا ماحول پھیل گیا اور لوگ خوف زدہ ہوگئے جب نامعلوم حملہ آوروں نے 18بٹالین سی آر پی ایف کی پارٹی پر گرنیڈ پھینکا جو زور دار دھماکہ کے ساتھ سڑک کے کنارے پھٹ گیا ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس گرنیڈ حملے میں کوئی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا ہے ۔ گرنیڈ حملے کے نتیجے میں علاقے میں تناﺅ اور کشیدگی کا ماحول پھیل گیا جبکہ لوگ محفوظ جگہوں کی طرف بھاگتے ہوئے دیکھے گئے ۔ ادھر پولیس ذرائع نے اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ حملہ آوروں کو پکڑنے کےلئے علاقے کو محاصرے میں لے لیا گیاہے اور تلاشی کارروائی شروع کردی گئی ہے تاہم آخری اطلاع ملنے تک علاقے کا آپریشن جاری تھا۔