چنئی(یو این آئی) چنئی اورآس پاس کے علاقوں میں ہفتہ کی رات سے ہو رہی موسلادھار بارش کی وجہ سے سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔ اچانک ایسی صورتحال پیدا ہو جانے سے معمولات زندگی درہم برہم ہوگئی اور 2015 کی یادیں تازہ ہوگئیں ۔ مختلف علاقوں میں ہفتہ کی رات 10 بجے سے آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ بارش شروع ہو گئی ۔ اتوار کی صبح 8:30 بجے تک 21.5 سینٹی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ مینمباکم ہوائی اڈے پر 12 سینٹی میٹر بارش ہوئی ۔ معلومات کے مطابق 2015 کے بعد شہر میں ہفتہ کی رات کو سب سے زیادہ بارش ہوئی۔ بارش سے علاقوں میں سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے ۔تاہم ریاست کے کئی اضلاع میں موسلادھار بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ منگل کوجنوب مشرقی خلیج بنگال میں کم دبا¶ بننے سے بارش کا اثر کم ہونے کا امکان ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اگلے چار دنوں میں اس کا اثر شمال مغرب سے شمال کی طرف بڑھنے کا امکان ہے ۔ اگلے 48 گھنٹوں میں تمل ناڈو کے ساحلی علاقوں میں بارش کی پیشن گوئی کی گئی ہے ۔چنئی میں اتوار کو بھاری بارش کی پیشنگوئی کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ۔ موسلا دھار بارش کے بعد حکام نے چیمباکرامبکم اور پوزال آبی ذخائر سے 500 کیوسک پانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔بارش اتنی تیز تھی کہ شہر اور دیگر علاقے زیر آب آگئے ۔ شہر کی کئی اہم سڑکیں پانی میں ڈوب گئیں ۔ کئی گھروں میں پانی داخل ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہو گئی ۔ شہر کے کئی علاقوں میں گاڑیوں کی آمدورفت پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔ بارش کی وجہ سے کچھ درختوں کے اکھڑ جانے کی بھی اطلاعات ہیں ۔