جموں11 ستمبر(یو این آئی)جموں وکشمیر کے ادھم پور کٹھوعہ جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین جاری تصادم میں دو عدم شناخت ملی ٹینٹ مارے گئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق جموں کے ادھم پور کٹھوعہ جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز نے دو ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ادھم پور کٹھوعہ کے جنگلی علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے بدھ کی صبح تلاشی آپریشن شرو ع کیا۔
معلوم ہوا ہے کہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکار مشتبہ مقام کے نزدیک پہنچے تو وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے جن کی شناخت اور تنظیمی وابستگی کے بارے میں جانچ پڑتال شروع کی گئی ہے۔
دریں اثنا جموں نشین دفاعی ترجمان نے ایکس پر لکھا:’کھاندارا کے جنگلی علاقے میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔ ‘
انہوں نے کہاکہ جنگلی علاقے میں آپریشن ہنوز جاری ہے۔