لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فارو ق خان نے آج یہاں این اِی اِی ٹی ٹاپر تنمے گپتا کی رہائش گاہ کا دورہ کیا اور اُنہیں ان کی شاندار کامیابی پر مبارک باد دی۔مشیر فاروق خان نے اُمید ظاہر کی کہ این اِی اِی ٹی ٹاپر اَپنی مستقبل کی کوششوں میں بھی بہترین کارکردگی کے لئے کوشاں رہے گا۔ لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر فاروق خان نے تنمے گپتا کے کنبے کے اَفراد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ اُن کے بیٹے کی کامیابی بہت سے دوسرے خواہشمندطلاب کے لئے تحریک کا کام کرے گی ۔اُنہوں نے کہا کہ وہ نہ صرف اَپنے والدین بلکہ پورے جموںوکشمیر کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوئے۔مشیر موصوف نے تمنے گپتا کے اساتذہ اور اہل خانہ کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے ان کے خواب کو شرمندہ تعبیرہونے میں مدد کی۔مشیر فاروق خان نے مزید کہا َ،” تمنے گپتا کی کامیابی تمام طلباءکے لئے ایک تحریک کا کام کرے گی اور انہیں اَپنے مقاصد کو حاصل کرنے اور اَپنے متعلقہ شعبوں میں بہترین کارکردگی کے لئے کوشش کرنے کی ترغیب دے گی۔“