طبی وقانونی لوازمات کے بعد دوشیزہ کی میت لواحقین کے سپرد
سری نگر /نامعلوم وجوہات کی بناءپربدھ کی سہ پہرحبہ کدل پُل سے دریائے جہلم میں چھلانگ لگاکر خودکشی کرنے والی ایک نوعمر دوشیزہ کی نعش جمعہ کی صبح چھتہ بل کے نزدیک دریا سے برآمد کی گئی ۔جے کے این ایس کے مطابق سرکاری ذرائع نے بتایاکہ سری نگر کے حب کدل علاقے میں بدھ کو دریائے جہلم میں کودنے والی لڑکی کی لاش جمعہ کی صبح برآمد کر لی گئی ۔مقامی لوگوں کے مطابق بدھ کی سہ پہر سری نگر کے حب کدل علاقے میں ایک نوعمر لڑکی (نام ظاہر نہیں کیا گیا) نے مبینہ طور پر دریائے جہلم میں چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے بعد ایس ڈی آر ایف اور ریور پولیس سرینگر نے اس کی لاش کو نکالنے کے لیے ریسکیو آپریشن شروع کیا اور 2دن بعدجمعہ کی صبح اس کی نعش باغیاث چھتہ بل علاقے میں جہلم سے برآمد کی گئی۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے اور نعش کو ضروری طبی وقانونی لوازمات کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ،اور لوازمات مکمل ہونے کے بعد نوعمر دوشیزہ کی میت آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے لواحقین کے سپرد کی گئی ۔قابل ذکر ہے کہ ضلع انتظامیہ سری نگر نے شہر کے پانچ بڑے پلوں بشمول حبہ کدل پر باڑ لگانے کاکام شروع کیاہے اور ڈپٹی کمشنر سری نگر نے لگ بھگ68لاکھ روپے سے پلوں پر باڑ لگانے کاکام10ستمبر2024تک مکمل کرنے کااعلان کیاہے ۔