ڈوڈہ کے کاستی گڑھ میں شبانہ تصادم دو فوجی زخمی ، آپریشن ہنوز جاری
سرینگر / سرحدی ضلع کپواڑہ کے کیرن سیکٹر میں فوج نے دراندازی کی کوشش کو ناکام بناکر دو ملی ٹینٹوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ڈوڈہ کے کاستی گڑھ علاقے میں درمیانی شب انکاونٹر میں دو فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ دفاعی ترجمان کے مطابق علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ یو پی آئی کے مطابق کپواڑہ کے کیرن سیکٹر میں جمعرات کی صبح سیکورٹی فورسز نے تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران فورسز نے دراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔ سری نگر نشین دفاعی ترجمان نے بتایا کیرن سیکٹر میں دو ملی ٹینٹوں کو مار گرایا گیا ۔ انہوںنے کہاکہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع جنگلاتی علاقے کو محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ ادھر ڈوڈہ کے کاستی گڑھ علاقے میں درمیانی شب سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کے تبادلے میں دو جوان زخمی ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈوڈہ کے جنگلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن کے بیچ درمیانی شب کاستی گڑھ علاقے میں ملی ٹینٹوں اور فورسز کے مابین آمنا سامنا ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین تین گھنٹے تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا جس کے نتیجے میںدو فوجی زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ ڈوڈہ کے جنگلی علاقوں میں ملی ٹینٹوں کو تلاش کرنے کی خاطر جدید ترین ٹیکنالوجی کا سہارا لیا جارہا ہے۔














