اس بار بی جے پی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جائے گی :ترون چگھ
سرینگر 18جولائی/ // بی جے پی کے قومی جنرل سیکریٹری ترون چگھ نے جمعرات کو کہاکہ بھاجپا اسمبلی چناو کے لئے پوری طرح تیار ہے۔ انہوں نے کہا اس بار بی جے پی کی جیت یقینی ہے۔ یو پی آئی کے مطابق بانہال میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران ترون چگھ نے کہاکہ پی ڈی پی ، کانگریس اور نیشنل کانفرنس کو یہاں کے لوگوں نے پوری طرح سے مسترد کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مقامی سیاسی جماعتوں نے لوگوں کو زخم دئے ہیں اور ہمیں پورا یقین ہے کہ آنے والے اسمبلی چناو میں بی جے پی جیت جائے گی۔ ان کے مطابق جموں وکشمیر کی تاریخ میں پہلی دفعہ بی جے پی کا وزیر اعلیٰ ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حالیہ پارلیمانی چناو میں نیشنل کانفرنس کے عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی کو لوگوں نے پوری طرح سے مسترد کیا ہے۔ ان کے مطابق بھاجپا جموں وکشمیر میں جلدازجلد اسمبلی چناو کے حق میں ہیں اور اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو اس سال اسمبلی چناو کا بھی اعلان ہوگا۔













