نئی دہلی(یو این آئی) ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 12 ہزار سے زیادہ معاملے درج کیے گئے ہیں اور اس وباءسے 251 لوگوں کی موت ہو گئی ہے ۔ دریں اثنا ملک میں اتوار کے روز 12 لاکھ 77 ہزار 542 افراد کو کورونا کے ٹیکے لگائے گئے اور اب تک ایک ارب چھ کروڑ 31 لاکھ سے زائد افراد کو کووڈ ٹیکے لگائے جا چکے ہیں ۔ مرکزی وزارت برائے صحت کی طرف سے پیر کی صبح جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 12,514 نئے کیسز سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرہ افراد کی تعداد بڑھ کر تین کروڑ 42 لاکھ 85 ہزار 814 ہو گئی ہے ۔ اس دوران 12 ہزار 718 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد اس وبا کو شکست دینے والے افراد کی کل تعداد 3 کروڑ 36 لاکھ 68 ہزار 560 ہو گئی ہے ۔ ایکٹو کیسز 455 کم ہو کر ایک لاکھ 58 ہزار 817 رہ گئے ہیں۔ اسی عرصے میں 251 مریضوں کی موت ہونے سے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر چار لاکھ 58 ہزار 437 ہو گئی ہے ۔ ملک میں ایکٹو کیسز کی شرح 0.46 فیصد، شفایابی کی شرح 98.20 فیصد اور شرح اموات 1.34 فیصد ہے ۔ ایکٹو کیسز کے معاملے میں کیرالہ ابھی ملک میں پہلے نمبر پر ہے ۔ ریاست میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایکٹو کیسز 561 بڑھنے سے ان کی تعداد بڑھ کر 79795 ہو گئی ہے ۔