بارہمولہ /جموں و کشمیر پولیس نے بارہمولہ میں ایک منشیات فروش کی 50 لاکھ روپے کی جائیداد ضبط کر لی ہے ۔ حکام نے جمعرات کو یہ اطلاع دی۔ منشیات فروش کی شناخت شبیر احمد سوگی کے طور پر کی گئی ہے، جو ضلع بڈگام کے ماگام علاقے کے مزامہ کے رہنے والے ہیں۔ بارہمولہ پولیس کے مطابق، ضبط کی گئی جائیداد میں نو مرلہ زمین اور ایک دو منزلہ رہائشی مکان شامل ہے۔ پولیس کی طرف سے کی گئی تفتیش کے دوران جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی جائیداد کے طور پر کی گئی۔ پولیس نے کمیونٹی کے ممبران پر زور دیا کہ وہ اپنے پڑوس میں منشیات فروشی سے متعلق کسی بھی معلومات کے ساتھ آگے آئیں۔ منشیات فروشی میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف ہماری مسلسل کارروائیوں سے کمیونٹی کے افراد کو یقین دلانا چاہیے کہ ہم اپنے معاشرے کو منشیات کی لعنت سے پاک رکھنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔