جموںوکشمیر کی وادی¿ کشمیر کے شہرہ آفاق ڈل جھیل میں آج ” آزادی کا امرت مہااُتسو“ کے ایک حصے کے طور پر سردار ولبھ بھائی پٹیل کی یوم پیدائش کی یاد میں ایک عظیم الشان شکارا ریلی کا اِنعقاد کیا گیا۔جھیل ڈل میں شکاریوں کو روایتی طور پر شاندار طریقے سے سجایا گیا تھا جو ڈل جھیل کے کئی قدرتی مقامات سے گزر کر ”پھولوں کی جھیل“ کو مکمل فیسٹول کا منظر پیش کرتا ہے۔ناظم سیاحت ڈاکٹر جی این ایتو نے ” آزادی کا امرت اور قومی اِتحاد کا دن منانے “ کے بینر تلے منعقد ہونے والی اِس ریلی کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ناظم سیاحت نے میڈیا اَفراد سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ممتاز شہریوں کے لئے ڈل جھیل میں اس ریلی کا اِنعقاد سیاحتی ترقی کے لئے ایک خاص اہمیت رکھتا ہے کیوں کہ ڈل جھیل کشمیر میں سیاحت اور تفریح کا لازمی جزو ہے جسے ” سری نگر کا زیور “ کہا جاتا ہے ۔ناظم سیاحت نے کہا کہ حکومت اِس سلسلے میں متعدد اختراعی اقدامات کے شروعات سے سیاحتی دُنیا میں جموںوکشمیر کو اونچا لے جانے کے لئے لگن سے کام کر رہی ہے ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ اِس بات کو یقینی بنایا جارہا ہے کہ تمام شراکت دارسیاحتی ترقی کے پروگراموں میں شامل ہوں تاکہ ثمر آور نتائج حاصل ہوسکے ۔ اُنہوں نے کہا کہ وادی میں اِنتظامیہ کی جانب سے اِس قسم کے پروگراموں کا اہتمام اکثر کیا جاتا ہے جس سے نہ صرف سامعین کو محظوظ کیا جاتا ہے بلکہ یہاں کی سیاحتی ترقی میں کافی مدد مل رہی ہے ۔تقریب میں سینئر اَفسران، متعلقین اور عام لوگوں نے شرکت کی۔