پارلیمانی سیٹ پر 7مئی کے بجائے اب 25مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا
سرینگر/اننت ناگ راجوری پارلیمانی حلقے کے انتخابات کی تاریخ کو تبدیل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے 25مئی کو حلقہ میں انتخابات منعقد کرنے کا فیصلہ لیا ہے ۔ ایک بیان میں الیکشن کمیشن آف انڈیا نے کہا ہے کہ اننت ناگ راجوری لوک سبھا نشست کےلئے انتخابی تاریخ 7مئی تھی تاہم کئی سیاسی جماعتوں کی جانب سے تاریخ میں تبدیلی کےلئے کمیشن کو درخواست دی تھیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے اب اس نشست پر 25مئی کو انتخابات کرائے جائیں گے ۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے منگل کو اننت ناگ،راجوری پارلیمانی حلقے کے لیے پولنگ کی تاریخ میں 7 مئی سے 25 مئی تک نظر ثانی کی ہے۔پولنگ کرنے والی باڈی نے 12 اپریل کو تیسرے مرحلے میں حلقے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور پولنگ کا دن 7 مئی کو مقرر کیا گیا تھا۔مختلف لاجسٹک، مواصلات اور قدرتی رکاوٹوں کی وجہ سے جموں اور کشمیر کے حلقہ اننت ناگ راجوری پارلیمانی سے انتخابات کی تاریخ کو تبدیل کرنے کے لئے جموں اور کشمیر کے یوٹی کی مختلف سیاسی جماعتوں سے مختلف درخواستیں موصول ہوئیں ہیں۔اس ضمن میں کمیشن نے یوٹی انتظامیہ کی رپورٹ پر غور کرنے کے ساتھ ساتھ مذکورہ حلقے میں موجودہ زمینی صورتحال کا تجزیہ کرنے کے بعدعوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے سیکشن 56 کے تحت مذکورہ پارلیمانی حلقے میں انتخابات کی تاریخ پر نظر ثانی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ترمیم شدہ تاریخ کے تحت اب اس حلقہ میں 25مئی کو ووٹ ڈالے جائیں گے جبکہ پہلے یہ تاریخ 7مئی تھی ۔