نئی دلی/ نئے فوجداری انصاف کے قوانین کے نفاذ کو معاشرے کے لیے ایک اہم لمحے کے طور پر سراہتے ہوئے، چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے ہفتے کے روز کہا کہ ہندوستان اپنے فوجداری انصاف کے نظام کی ایک اہم تبدیلی کے لیے تیار ہے۔یہاں ‘فوجداری انصاف کے نظام کے نظم و نسق میں ہندوستان کا ترقی پسند راستہ’ کے موضوع پر ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے، انہوں نے کہا کہ نئے قوانین کامیاب ہوں گے اگر ہم بطور شہری انہیں اپنا لیں۔چیف جسٹس آف انڈیا نے کہا کہ نئے نافذ کردہ قوانین نے فوجداری انصاف سے متعلق ہندوستان کے قانونی ڈھانچے کو ایک نئے دور میں تبدیل کر دیا ہے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ متاثرین کے مفادات کے تحفظ اور جرائم کی تفتیش اور قانونی کارروائی کو مؤثر طریقے سے انجام دینے کے لیے بہت ضروری اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ”پارلیمنٹ کے ذریعہ ان قوانین کا نفاذ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ ہندوستان بدل رہا ہے اور آگے بڑھ رہا ہے، اور موجودہ چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اسے نئے قانونی آلات کی ضرورت ہے۔کانفرنس میں مرکزی وزیر قانون ارجن رام میگھوال، اٹارنی جنرل آر وینکٹرامانی اور سالیسٹر جنرل تشار مہتا بھی موجود تھے۔ملک کے فوجداری انصاف کے نظام کو مکمل طور پر تبدیل کرنے کے لیے نئے نافذ کیے گئے قوانین — بھارتیہ نیا سنہتا، بھارتیہ شہری تحفظ سنہتا اور بھارتیہ ساکشیہ ایکٹ — یکم جولائی سے نافذ العمل ہوں گے۔تاہم، گاڑیوں کے ڈرائیوروں کی طرف سے ہٹ اینڈ رن کے معاملات سے متعلق شق کو فوری طور پر نافذ نہیں کیا جائے گا۔تینوں قوانین کو گزشتہ سال 21 دسمبر کو پارلیمنٹ سے منظوری ملی تھی اور صدر دروپدی مرمو نے 25 دسمبر کو اپنی منظوری دے دی تھی۔