جمو/ جموں وکشمیر کے ضلع رام بن میں سر سبز و شاداب چراگاہوں کے دامن میں واقع دلکش و دلپذیر سنسار باغ میں کھلے قریب ڈھائی لاکھ ٹلپ سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بن رہے ہیں۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ سنسار کے ٹلپ باغ کو لوگوں کے لئے کھول دیا گیا ہے اور 40 کنال اراضی پر قریب 2.5 لاکھ ٹلپ کھل گئے ہیں۔ایک عہدیدار نے بتایا: ‘سنسار ٹلپ گارڈن میں انتہائی خوبصورت اور دلکش نظارہ ہے اور امسال اس باغ میں 25 قسموں کے ٹلپ لگائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سال بھر سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے اس مقام پر ایک ‘گلاب باغ’ لگانے کو بھی تجویز کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سنسار آنے والے سیاح اب ٹلپ گاڑدن کی سیر سے بھی لطف اندوز ہوں گے۔انہوں نےزیادہ سے زیادہ سیاحوں کو سنسار میں ٹلپ گارن کی سیر کرنے کی دعوت دی۔موصوف عہدیدار نے بتایا کہ جموں و کشمیر منفرد حسن و جمال سے مالا مال ہے اور یہاں سیاحت کی کافی گنجائش موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ سال گذشتہ انتظامیہ نے جموں میں 40 کنال اراضی پر ٹلپ گارڈن لگانے کے پروجیکٹ کو منظوری دی تھی۔انہوں نے کہا کہ سنسار میں پٹنی ٹاپ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی طرف سے گالف کورس کو دو بارہ بحال کیا جائے گا اس سیاحتی مقام کی ہمہ گیر ترقی کے لئے اضافی اقدام کئے جائیں گے۔قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر انتظامیہ ‘سیاحتی مشن’ پہل کے طور پر لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے کے لئے نئی اقتصادی راہیں کھولنے کے لئے 75 نئے مقامات، 75 صوفی/ مذہبی مقامات، 75 نئے ثقافتی مقامات اور 75 ورثے کے مقامات کو سامنے لا رہی ہے۔