پہلگام کی خوبصورتی کو بچانے کےلئے سات روزہ شجر کاری مہم شروع
سرینگر/20مارچ /وی او آئی//پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ جنگلات باہمی اشتراک سے پہلگام میں 21مارچ سے سات روز تک شجر کاری مہم جاری رہے گی جس دوران ہزاروں کی تعداد میں دیودار سمیت درجنوںاقسام کے درخت لگائے جائیں گے ۔ اس شجر کاری کا مقصد جنگلات کووسعت دینا اور ماحولیات کو تحفظ فراہم کرنا ہے ۔ وائس آف انڈیا کے مطابق پہلگام ڈیولپمنٹ اتھارٹی جس کے ساتھ منسلک ہوگی محکمہ جنگلات کی جانب سے 21مارچ سے شجر کاری مہم شروع کی جارہی ہے جس کا مقصد پہلگام کو ہر ا بھرا بنانا ہے ۔ یہ مہم سات دنوں تک جاری رہے گی اور اس سے جنگلات کو وسعت دینے اور ماحولیات کا تحفظ ہوگا۔ اس ضمن میں چیف ایگزکیٹو آفیسر ڈیولپمنٹ اتھارٹی پہلگام طارق حسین نائیک نے نمائندے و ی او آئی امان ملک کو بتایا کہ جنگلات کاتحفظ ہمارے ماحولیات کےلئے اہم ہے اور چونکہ پہلگام ایک سیاحتی مقام ہے اس لئے پہلگام میں سیاحت کو فروغ دینے اور قدرتی آب وہوا کا تحفظ دھیان میں رکھتے ہوئے شجر کاری مہم شروع کی جارہی ہے ۔ا نہوں نے بتایا کہ سیاح تب ہی یہاں آسکتے ہیں جب یہاں کے جنگلات ہرے بھرے ہوں ، پانی کی بہتات ہوں اور ایک معتدل آب ہوا ہو۔ انہوںنے بتایا کہ ایک دیودار ایک ہزار افراد کو آکسیجن فراہم کرتی ہے اور اس تناظر میں اگر ہم دیکھیں تو جنگلات سے ہی زندگی ہے ۔ انہوںنےمزید بتایا کہ ہر انسان کو چاہے وہ چھوٹا ہو یا بڑا زندگی میں ایک درخت ضرور لگانا چاہئے اور اس کی حفاظت کرتے ہوئے اس کو بڑا ہونے دینا چاہئے تاکہ ماحول بہتر رہے اور فضائی آلودگی کم ہو۔