نئی دہلی(یو این آئی) حکومت تہواری سیز ن کے بعد بچوں کو کووڈ ٹیکہ لگانے کی تیاری میں مصروف ہوگئی ہے اور اس کے لئے مقامی سطح پر بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جارہا ہے ۔ صحت اور خاندانی فلاح وبہبود کی مرکزی وزارت میں پورے معاملہ سے وابستہ حکام نے یہاں بتایا کہ ملک کے تقریباً 44کروڑ بچوں کوبھی اب کورونا ٹیکہ کاری کے دائرے میں لانے کے منصوبہ کے تحت اس وقت ترجیحی فہرست تیار کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے اور امید کی جارہی ہے کہ آئندہ مہینے کے پہلے پکھواڑے میں تہواروں کے بعد بچوں کی ٹیکہ کاری کی شروعات ہوجائے گی۔ مقامی سطح پر بچوں کو کووڈ ٹیکہ دینے کے لئے خصوصی مرکز بنائے جارہے ہیں۔ ان مراکز کے نزدیکی اسپتالوں میں بھی ہنگامی حالت میں بچوں کو طبی مدد فراہم کرنے کا بنیادی ڈھانچہ تیار کیا جارہا ہے ۔ بال کووڈ مراکز کی شکل و صورت بچوں کی دلچسپی کے مطابق ہوگی۔ ان مراکز میں بچوں کے لئے کھیلنے کا سامان بھی ہوگا اور ان مراکز کو مختلف رنگوں سے سجایا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بچوں کی ٹیکہ کاری کی شروعات سے پہلے اس پر قواعد تیار کئے جارہے ہیں۔ خاص طورپر کئی مراحل میں بچوں کی ٹیکہ کاری کی جائے گی۔ بچوں کی عمر کے مطابق بھی فہرست طے ہوگی اور بچوں کی صحت کا بھی خیال رکھا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹیکہ کاری کی شروعات 12سے 18برس کی عمر کے بچوں سے ہوگی جنہیں کورونا سے بچاو کے لئے ٹیکے کی سب سے زیادہ ضرورت ہے ۔ قومی ٹیکہ کاری تکنیکی مشیر گروپل کے صدر ڈاکٹر این کے اروڑہ نے بھی کہا کہ شروعاتی مرحلہ میں پہلے سے کئی طرح کی بیماریوں سے متاثرہ اور انفیکشن کے لحاظ سے زیادہ خطرے والے بچوں کی ٹیکہ کاری کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ملک میں کووڈ ورک فورس کے سربراہ ڈاکٹر وی کے پال نے بھی مرحلہ وار طریقہ سے بچوں کی ٹیکہ کاری کئے جانے کے اشارے دیتے ہوئے کہاکہ حکومت سائنٹفک دلائل کے ساتھ ساتھ بچوں کے لئے موجود ٹیکہ کی دستیابی کی اصل صورتحال کی بنیاد پر ہی کوئی فیصلہ کرے گی۔ ملک میں بچوں کے لئے دو کووڈ ٹیکوں کو ویکسین او رجائڈس کو منظوری دینے کا عمل چل رہا ہے ۔ بھارت بایو ٹیک نے 18سے کم عمر کی آبادی کو کو ویکسین کا ٹیکہ تیار کیا ہے اور اس کے لئے ڈرگ کنٹرولر جنرل آف انڈیا کی ماہر کمیٹی کی سفارش حاصل کرلی ہے ۔یہ ٹیکہ دو برس سے 18برس کی عمر والے بچوں کو دیا جاسکتا ہے ۔ جائڈس کا ٹیکہ 12سے 18برس کے زمرہ کے لئے ہوگا۔ تحقیق کے مطابق کورونا سے متاثر ہونے والے بچوں پر بیماری کا اثر کچھ کم پڑتا ہے لیکن بچوں کے ذریعہ سے تیزی سے انفیکشن پھیل سکتا ہے ۔ اس لئے بچوں کو بھی ٹیکہ کاری کے دائر میں لانے کے لئے تیزی سے کام چل رہا ہے ۔ اس کے لئے جس ٹیکے کے استعمال کو ہنگامی استعمال کے لئے منظوری ملی ہے وہ جائیڈس کیڈیلا کی ہندستان جائے کوو۔ڈی کے نام تیار کی گئی ویکسین ہے جو استعمال کے لئے تقریباً تیار ہے ۔ اس ویکسین کے لئے سیرینج کی ضرورت نہیں ہے اور یہ 12سے 18برس کی عمر کے بچوں کو لگائی جانی ہے ۔ خیال رہے کہ ملک میں کورونا انفیکشن کی شرح گزشتہ241دنوں میں سب سے کم سطح پر آگئی ہے اور ٹیکہ کاری کا دائرہ 105کروڑ کو پارکر گیا ہے ۔