سرینگر میں ڈرون نگرانی ، سی سی ٹی وی کیمرے متحرک اور کیسپر گاڑیوں کی پیٹرولنگ میں اضافہ
سرینگر/03مارچ///وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ وادی اور سرینگر کے بخشی سٹیڈیم میں عوامی جلسے سے خطاب کے پیش نظر وادی بھر کے ساتھ ساتھ سرینگر شہر میں سختی بڑھا دی گئی ہے۔ جہاں ڈرون کے ذریعے شہر کے ہر کونے کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اہم مقامات کی سیکیورٹی کے لیے سیکیورٹی فورسز اور بخشی اسٹیڈیم کی ذمہ داری خصوصی دستوں کو دی گئی ہے اور اتوار کی صبح سے ہی تھانوں میں چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ ہر گاڑی کو ناکوں پر چیکنگ کے بعد ہی آگے جانے کی اجازت دی گئی۔ اس کے ساتھ راہگیروں کو بھی پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا گیا۔محلوں، فلائی اوورز اور شہرکے دیگر حساس علاقوںمیں مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ رات بھر موبائل گاڑیوں سے نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس وقت متعدد مقامات پرناکے لگائے گئے ہیں۔بخشی سیڈیم کے باہر غیر ضروری طور پر کھڑے ہونے کی اجازت نہیں ہے ۔دریں اثناءسرینگر شہر میں شبانہ حفاظتی انتظامات بڑھائے گئے ہیں ۔ رات کے اوقات میں فوج کی کیسپر گاڑیوں کو سرینگر کے مختلف علاقوںمیںگشت کرتے دیکھا گیا ہے خاص کرلالچوک سے ڈلگیٹ اور دیگر جگہوں کے علاوہ سٹیڈیم کے راستوں پر کیسپر گاڑیوں کا گشت بڑھایا گیا ہے ۔وائس آف انڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی جو جمعرات کو یہاں بخشی اسٹیڈیم میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کرنے والے ہیںکے دورے سے قبل سیکورٹی فورسز کو چوکس کر دیا گیا ہے۔اورتجدید شدہ بخشی اسٹیڈیم کے ارد گرد سیکورٹی اہلکاروں کی تعیناتی میں اضافہ کردیا گیا ہے جس میں پی ایم مودی کی ریلی کے مقام سے گزرنے والی گاڑیوں کی جانچ کے لیے رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔حکام نے بتایا کہ پولیس اور نیم فوجی دستے شہر اور دیگر جگہوں پر گاڑیوں کی بے ترتیب چیکنگ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ احتیاطی اقدام کے طور پر شہر کے مختلف مقامات پر خصوصی چیک پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جن میں داخلی اور خارجی راستے بھی شامل ہیں۔سیکورٹی فورسز نے جلسہ گاہ کے ارد گرد گشت بڑھا دیا ہے تاکہ وزیر اعظم کے ہموار اور واقعات سے پاک دورے کو یقینی بنایا جا سکے۔دریں اثناءوادی کے دیگر اضلاع میں بھی سیکورٹی کے کڑے بندوبست کئے جارہے ہیں اور خاص کر سرینگر میں داخل ہونے والے تمام راستوں پر سخت پہرے بٹھائے گئے ہیں اور ہر گاڑی ، موٹر سائکل اور آٹو رکھشا کو روک کر تلاشی سے گزرنا پڑتا ہے ۔ واضح رہے کہ اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد وادی کشمیر کا یہ وزیر اعظم کا پہلا دورہ ہوگا۔کئی مہینوں میں یہ ان کا جموں و کشمیر کا دوسرا دورہ ہوگا۔ پی ایم مودی نے گزشتہ ماہ کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کرنے جموں خطہ کا دورہ کیا تھا۔ انہوں نے جموں میں ایک عوامی ریلی سے بھی خطاب کیا۔