سرینگر/07جنوری///سرینگر سمیت وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں پیر کی صبح گہری دھند چھائی رہی جس کی وجہ سے صبح کے وقت گھروں سے نکلنے والے لوگوں کوچلنے پھرنے میں احتیاط برتنا پڑا، یہ دھند صبح دیر تک قائم رہی تاہم بعد ازاں دن گذرنے کے ساتھ سورج کی روشنی کے سامنے ماند پڑی گئی۔ جبکہ جنوبی ضلع شوپیاں سرد ترین جگہ رہی جہاں منفی 7.9 تک پہنچی۔وائس آف انڈیا کے نمائندے امان ملک کے مطابق سرینگر سمیت وادی کے دیگر اضلاع میں پیر کی صبح گہری دھند چھا ئی رہی جس وجہ سے لوگوں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔نمائندے نے بتایا کہ دن کے بارہ بجے تک سرینگر میں دھند چھائی رہنے سے ڈرائیوروں کو گاڑیاں چلانے میں بھی دقتیں پیش آئیں۔انہوں نے بتایا کہ شہر کے اکثر علاقوں میں بارہ بجے تک کم روشنی کے باعث دکانیں اور دیگر کاروباری ادارے بند رہے۔دریں اثنا ڈاکٹروں کا کہنا ہے : ‘بچے اور بزرگ جن کو اس دھند میں باہر نکلنا پڑتا ہے، کو چاہئے کہ وہ بنا بر احتیاط ماسک لگا کر باہر نکلیں’۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈرائیور حضرات کو بھی چاہئے کہ وہ گاڑیاں چلاتے وقت احتیاط برتیں کیونکہ صبح اور شام کے وقت روشنی کم ہوتی ہے۔