جنگجوﺅں نے کیمپ پر حملہ کیا ، کراس فائرنگ کے دوران نوجوان کی موت ہوئی / پولیس کا دعویٰ
لواحقین کا احتجاج ، انصاف کا کیا مطالبہ ، شوپیان اور اننت ناگ کے کئی علاقوں میںانٹر نیٹ بند
جنوبی ضلع شوپیان کے بابا پورہ زینہ پورہ علاقے میں اتوار کی صبح اس وقت سنسنی پھیل گئی جب سی آر پی ایف کیمپ کے نزدیک ایک نوجوان کی گولیاں لگنے سے موت ہوئی ۔ پولیس نے نوجوان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مسلح جنگجوﺅں نے سی آر پی ایف کیمپ پر حملہ کیا جس دوران طرفین کے مابین گولی باری کی زد میں آکر نوجوان از جاں ہو گیا ۔ ادھر نوجوان کی ہلاکت کے ساتھ ہی شوپیان کے اننت ناگ کے کئی علاقوں میں انٹر نیٹ خدمات معطل کر دی گئی ہے ۔ اس ضمن میں ملی تفصیلات کے مطابق بابا پورہ زینہ پورہ شوپیان علاقے میں اتوار کی صبح اس وقت افرا تفری کا ماحول پھیل گیا جب سی آر پی ایف کی 178 بٹالین کے کیمپ کے نزدیک گولیاںچلانے کی آواز سنائی دی ۔ معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کے واقعہ کے ساتھ ہی وہاں ایک نوجوان کو خون میںلت پت دیکھا گیا اور بعد میں اگرچہ اسکو مقامی لوگوں نے اسپتال پہنچانے کی کوشش کی تاہم وہ راستے میں ہی موت کی آغوش میں چلا گیا ۔ مہلوک نوجوان کی شناخت شاہد اعجاز ولد اعجاز احمد ساکنہ آرونی بجبہاڑہ کے طور ہوئی اور اس کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ پیشہ سے دودھ بیچتے والا تھا ۔ نوجوان کی ہلاکت کے ساتھ ہی علاقے میں افر اتفری کاماحول پھیل گیا جبکہ لووں میں غم و غصہ کی لہر پائی جار ہی تھی ۔ اسی دوران جموں کشمیر پولیس جائے واردات پر پہنچ گئی جنہوں نے نوجوان کی نعش کو ضروری لوازمات کی ادئیگی کیلئے اپنی تحویل میںلیا ۔ نوجوان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے پولیس نے بتایا کہ مسلح جنگجوﺅں نے اتوار کی صبح با با پورہ زینہ پورہ میں قائم سی آر پی ایف کیمپ کو نشانہ بنا کر حملہ کیا جس دوران وہاں سے بھی سی آر پی ایف اہلکاروں نے فائرنگ کی اور طرفین کے مابین کچھ منٹوں تک چلنے والی گولیوں کی زد میں شاہد اعجاز نامی نوجوان بھی آیا اور کراس فائرنگ کے دوران اس کی موت ہوئی ہے ۔ پولیس کے مطابق واقعہ کی نسبت کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہے اور حقائق کو جاننے کیلئے کارروائی تیز کر دی گئی ہے ۔ ادھر نوجوان کی ہلاکت کے ساتھ ہی شوپیان اور اننت ناگ کے کئی علاقوں میں موبائیل انٹر نیٹ خدمات معطل کر دی گئی ہے ۔ ادھر نوجوان کے لواحقین نے احتجاج کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ انہیں انصاف فراہم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے لخت جگر کو جرم بے گناہی میںمارا گیا اور جو بھی ملوث ہو گیا ان کے خلاف کارورائی عمل میںلائی جائے ۔