نئی دہلی (یو این آئی) ہندوستان نے کووڈ ویکسینیشن مہم کے تحت ایک ارب کووڈ ویکسینیشن کا ہدف حاصل کر لیا ہے ۔ ایک ٹوئٹ میں اطلاع دیتے ہوئے مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود من سکھ مانڈویہ نے اس کامیابی پر تمام اہل وطن کو مبارکباد دی ہے ۔ اس کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ یہ ہندوستان کے لیے قابل فخر لمحہ ہے ۔ انہوں نے ٹوئٹ سیریز میں کووڈ ویکسین کی تیاری اور اس کی فراہمی کی تفصیلات دی ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن سا¶تھ ایسٹ ایشیا کی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر پونم کھیتر پال سنگھ نے ہندوستان میں ایک ارب کووڈ ویکسین دیئے جانے کو ایک غیر معمولی کامیابی قرار دیا ہے ۔ ہندوستان نے اس سال 21 جون کو ملک بھر میں مفت کووڈ ویکسینیشن مہم شروع کی۔ اس دوران بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم چلائی گئی اور لوگوں کو مرحلہ وار ویکسین دی گئی۔ ملک کے شمال مشرقی پہاڑی اور دور دراز علاقوں میں خصوصی آپریشن کیے گئے اور ڈرون کے ذریعے ویکسین بھی فراہم کی گئی۔