آنے والے وقت میں کوئلے کی درآمد کو روک دیا جائے گا: پرہلاد جوشی
نئی دہلی/ حکومت نے بدھ کو لوک سبھا میں بتایا کہ ملک میں کوئلے کی پیداوار تقریباً ایک ارب ٹن ہونے کا امکان ہے اور آنے والے وقت میں کوئلے کی درآمد کو روک دیا جائے گا۔ کوئلہ کے مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے وقفہ سوالات کے دوران ایک ضمنی سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پہلے ملک میں کوئلے کی پیداوار 54 کروڑ ٹن سے 56.50 کروڑ ٹن تک تھی، لیکن اس بار یہ اعدادو شمار بڑھکر ایک ارب ٹن ہونے جا رہاہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نہ صرف کوئلے کی پیداوار کے معاملے میں خود کفیل ہو جائے گا بلکہ آنے والے وقت میں اس کی درآمد کو روک دیا جائے گا۔ایک اور ضمنی سوال کے جواب میں مسٹر جوشی نے کہا کہ ملک میں تجارتی کوئلے کی کان کنی شروع ہو چکی ہے اور اس سال ایسی کانوں سے 15 ملین ٹن کوئلہ پیدا ہو گا۔مرکزی وزیر نے کہا کہ ملک میں کمرشل کوئلے کی کان کنی کے لیے 91 بلاکس کی نیلامی کی گئی اور ان میں کمرشئل مائننگ شروع ہو گئی ہے ۔ اس بار تجارتی کان کنی کے ذریعے 1.5 کروڑ ٹن کوئلہ پیدا کیا جائے گا۔ پہلی بار ہم نے کمرشل کان کنی میں پیداوار شروع کی ہے ۔مسٹر جوشی نے کہا کہ پہلے کوئلہ بلاک کی تقسیم اور پیدا شدہ کوئلے کی تقسیم میں بے ضابطگیاں ہوتی تھیں لیکن اب موجودہ حکومت کے تحت اس سمت میں شفافیت آئی ہے اور ملک میں کوئلے کی پیداوار میں اضافہ ہوا ہے ۔