نئی دہلی/ کانگریس نے چاند کے جنوبی قطب پر چندریان -3 کی کامیاب لینڈنگ کے لئے ہندوستانی خلائی تحقیقی تنظیم (اسرو) کے سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ ان کی یہ حصولیابی بے مثال ہے ۔کانگریس کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج جے رام رمیش نے چاند کی سطح پر چندریان 3 کی کامیاب لینڈنگ کے بعد یہاں جاری ایک بیان میں کہا، “اسرو کی آج کی حصولیابی واقعی شاندار، بے مثال ہے ۔ فروری 1962 میں ہومی بھابھا اور وکرم سارا بھائی کی دور اندیشی کی وجہ سے انڈین نیشنل کمیٹی آن اسپیس ریسرچ یعنی انکاسپر کا قیام عمل میں آیا، اس میں جو پہلے شخص شامل تھے ، پہلے چارپانچ افراد جو شامل تھے ان میں سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام تھے ۔انہوں نے کہا، "اس کے بعد 1969 میں اگست کے مہینے میں، وکرم سارا بھائی، جنہوں نے ہمیشہ خلائی سائنس اور خلائی تحقیق کو ترقی کے نقطہ نظر سے دیکھا، نے اسرو کی بنیاد رکھی۔ 1972 اور 1984 کے درمیان ستیش دھون آئے اور انہوں نے بے مثال قیادت کا مظاہرہ کیا۔ سائنسی، تکنیکی اور انتظامی نقطہ نظر سے ان کی شراکت بالکل بے مثال ہے ۔ ان کے ساتھ برہما پرکاش جی تھے ۔ برہما پرکاش واحد ایسے شخص رہے ہیں جنہوں نے ہمارے جوہری توانائی کے پروگرام اور خلائی تحقیق کے پروگرام میں بھی تبدیلی کا حصہ ڈالا ہے ۔ ستیش دھون کے بعد یو آر را¶ سے شروعات ہوئی اور کئی چیئرمین آئے ۔ ان سب نے اپنا خصوصی تعاون اسرو اور ہمارے خلائی پروگراموں میں کیا۔