بحریہ کو سمندری مفادات کے تحفظ کیلئے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے :صدر مرمو
نئی دہلی/صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ بحریہ کو سلامتی کے خطرات سے نمٹنے اور سمندری مفادات کے تحفظ کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے ۔محترمہ مرمو نے جمعرات کو مغربی بنگال کے کولکتہ کے گارڈن ریچ شپ بلڈرز انجینئرز لمیٹڈ کے ذریعہ تعمیر کردہ ہندوستانی بحریہ کے پروجیکٹ 17 اے کے چھٹے جنگی جہاز وندھیا گری کی لانچنگ تقریب میں شرکت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ اس موقع پر انہوں نے بحر ہند کی سلامتی سے متعلق مختلف پہلو¶ں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس میں بحری قزاقی، منشیات کے ساتھ ساتھ انسانی اسمگلنگ اور قدرتی آفات کا مقابلہ کرنا شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے پیش نظر پاک بحریہ کو ملک کے بحری مفادات کے تحفظ اور سلامتی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہنا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ وندھیا گری جہاز ملک کی بڑھتی ہوئی سمندری صلاحیتوں کی علامت ہے ۔ اس کی تعمیر بھی خود کفیل ہندوستان کے مقصد کو حاصل کرنے کی طرف ایک بڑا قدم ہے ۔ وندھیا گری پروجیکٹ 17 اے کا حصہ ہے جو ملک کی خود کفیلی اور تکنیکی ترقی کے عزم کو ظاہر کرتا ہے ۔ یہ پروجیکٹ جدید ترین ٹیکنالوجی کی ترقی میں مقامی اختراع کا بھی منہ بولتا ثبوت ہے ۔صدر جمہوریہ نے کہا کہ ہندوستان دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے اور یہ ملک مستقبل قریب میں تیسری سب سے بڑی معیشت بننے کی کوشش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی معیشت کا مطلب ہے کہ سمندر کے ذریعے تجارت بھی بڑھے گی جس کی وجہ سے ہمارے لیے سمندروں کی اہمیت بھی بڑھ جاتی ہے ۔