جموںوکشمیر لامحدود صلاحیتوں اور مواقع کی سرزمین ہے۔ مرکزی وزیر مملکت
نئی صنعتی پالیسی کے تحت 4.50 لاکھ بے روزگار نوجوانوں کو روزگار فراہم کیا جائے گا
مرکزی حکومت کے عوامی رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پر مرکزی وزیر مملکت برائے صنعت و حرفت انوپریا سنگھ پٹیل نے آج ضلع راجوری کا دو روزہ دورہ مکمل کیا ہے ۔مرکزی وزیر مملکت نے دورے کے دوسرے دِن بلاک ڈھنگری کے پنچایت سرانو کا دورہ کیا اور خواتین پی آر آئی اور عوام الناس کے ساتھ بات چیت کی ۔پی آرآئی اور مقامی لوگوں نے مختلف شعبوں کے بارے میں کئی مسائل اور مطالبات مرکزی وزیر مملکت کو گوش گزار کئے۔اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ جموںوکشمیر ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے دور کی طرف گامزن ہے اور حکومت نے جموںوکشمیر یوٹی کے لوگوں کو بااِختیار بنانے اور سماجی و اِقتصادی ترقی کے لئے کئی اِصلاحی اقدامات اُٹھائے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت اَپنے کام میں شفافیت اور جواب دہی کو یقینی بنانے کے لئے پُر عزم ہے جو جمہوری اور شراکتی طرز حکمرانی کے لئے ضروری ہے ،کیوں کہ وہ اعتماد کو بڑھانے اور سکیموں کے اَثرات کو بہتر بنانے میں مد د کرتی ہے۔مرکزی وزیر مملکت برائے صنعت و حرفت انوپریا سنگھ پٹیل نے اَپنے دورے کا مقصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ مرکز ی حکومت نے جموںوکشمیر یوٹی میںخصوصی عوامی رَسائی پروگرام ان کی دہلیز پر عوامی شکایات کے ازالے اور سرکاری سکیموں کی بہتر عمل آوری کو یقینی بنانے کے لئے شروع کی گئی ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر کو مرکزی دھارے کی ترقی میں لانے کے لئے تمام کوششیں کی جارہی ہیں اور اس سلسلے میں متعدد سکیمیں شروع کی گئی ہیں۔وزیر مملکت نے تیسرے درجے کی حکمرانی جمہوریت کے لئے ایک نعمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ نظام نچلی سطح پر جمہوریت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے کیوں کہ اَب لوگ خود اَپنے علاقوں کی ضروریات کے مطابق منصوبے بنارہے ہیں۔