جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے بم بم بولے نعروں کے بیچ یاتریوں کا شری امرناتھ جی یاترا کے لئے کشمیر روانہ ہونے کا سلسلہ جوش و خروش سے جاری ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق اتوار کی صبح بھگوتی نگر بیس کیمپ سے 1974 یاتریوں پر مشتمل 28 واں جھتا کشمیر کے لئے روانہ ہوا۔انہوں نے کہا کہ یہ یاتری 85 چھوٹی بڑی گاڑیوں میں سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ ننون پہلگام اور بالتل بیس کیمپوں کے لئے روانہ ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ ننون پہلگام بیس کیمپ کے لئے 56 گاڑیوں میں 1410 یاتری روانہ ہوئے جن میں 1107 مرد، 240 خواتین، 2 بچے، 45 سادھو اور 16 سادھویں شامل تھیں۔بالتل بیس کیمپ کے لئے 29 گاڑیوں میں 564 یاتری روانہ ہوئے جن میں 439 مرد، 123 خواتین اور 2 بچے شامل تھے۔ذرائع کے مطابق یکم جولائی سے شروع ہونے والی اس یاترا کے لئے اب تک قریب چار لاکھ یاتریوں نے پوتر گھپا کا درشن کیا ہے۔بتادیں کہ سال گذشتہ کل 3 لاکھ 60 ہزار یاتریوں نے ہی پوتر گھپا کا درشن کیا تھا۔62 دنوں پر محیط یہ یاترا 31 اگست کو شرون پورنیما کے متبرک موقع پر اختتام پذیر ہوگی۔