نئی دہلی/سپریم کورٹ نے بدھ کو منی پور تشدد کو مزید بھڑکانے کے الزام میں درج کی گئی دو ایف آئی آر کے خلاف ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا (ای جی آئی) کی عرضی پر سماعت کرنے پر اتفاق کیا۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ اور جسٹس جے بی پارڈی والا اور منوج مشرا کی بنچ نے ای جی آئی کی درخواست کی جلد سماعت کی درخواست کو قبول کر لیا جس میں دونوں ایف آئی آر کو منسوخ کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔ بینچ کے سامنے خصوصی ذکر کرتے ہوئے ، سینئر وکیل شیام دیوان نے اس معاملے کو بہت اہم بتاتے ہوئے جلد سماعت کی درخواست کی تھی۔ اس پر بنچ نے اتفاق کیا اور کہا کہ وہ (دیوان) متعلقہ کاغذات تیار رکھیں۔ وہ اس پر سماعت کرے گی۔ ای جی آئی نے حقیقت جاننے کے لیے منی پور کے تشدد زدہ علاقوں میں ایک ٹیم بھیجی تھی۔ منی پور پولیس نے اس پارٹی کے اراکین کے خلاف تشدد کو بڑھاوا دینے کا الزام لگاتے ہوئے دو ایف آئی آر درج کی تھیں۔ ایف آئی آر درج ہونے کے بعد سے اس آرگنائزیشن کے اراکین پر گرفتاری کی تلوار لٹک رہی ہے ۔ خیال رہے کہ ای جی آئی کی ٹیم نے اپنی رپورٹ میں بتایا تھا کہ تشدد کے حوالے سے مقامی خبروں میں جانبدارانہ رپورٹنگ کی گئی تھی۔ اس سے صورتحال مزید خراب ہو رہی ہے ۔ اہم بات یہ ہے کہ اس سال اپریل میں منی پور میں میتئی اور کوکی برادریوں کے درمیان تنازعہ چل رہا تھا جو بعد میں بڑے پرتشدد واقعات میں تندیل ہوگیا ۔













