ڈاکٹر امبیڈکر نے ملک کے آئین کی تشکیل میں انمول خدمات انجام دیں : اوم برلا
نئی دہلی، 15 جولائی (یو این آئی) لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے آج اندرا گاندھی نیشنل اوپن یونیورسٹی (اگنو) ، نئی دہلی کیمپس میں بابا صاحب بھیم را¶ امبیڈکر کے مجسمے کی نقاب کشائی کی اور طلباءسے خطاب کیا۔ مسٹر برلا نے اگنو کیمپس میں ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمے کی نقاب کشائی کے موقع پر طلبا، اساتذہ اور اگنو برادری کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی لمحہ قرار دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لوک سبھا کے اسپیکر نے ڈاکٹر امبیڈکر کو ایک وژنری رہنما قرار دیا جنہوں نے ملک کے آئین کی تشکیل میں انمول خدمات انجام دیں ۔ انہوں نے کہا کہ مساوات اور انصاف کے نظریات، جو ہندوستانی جمہوریت کو مسلسل تقویت دیتے ہیں، بابا صاحب کے دل کے سب سے قریب تھے جو نہ صرف ہندوستانی نظم و نسق کے معاملے میں، بلکہ دنیا کے کئی آئینوں میں بھی ایک رہنما کے طور پر کام کرتے ہیں۔ لوک سبھا کے اسپیکر نے کہا کہ آزادی کے آغاز میں ہمارے آئین سازوں کے سامنے بڑے چیلنجز تھے ۔ ہندوستان نہ صرف معاشی اور سماجی طور پر پسماندہ تھا بلکہ خواندگی کی سطح بھی بہت کم تھی۔ یہ اس بات کا اعتراف کرتے ہوئے کہ تعلیم اور سماجی انصاف ایک ابھرتی ہوئی جمہوریت کی ترقی کے لیے اہم ہیں، بابا صاحب نے لوگوں کی زندگیوں میں ان کی اہمیت پر زور دیا۔ مسٹر برلا نے کہا کہ بابا صاحب کا خیال تھا کہ علم اور تعلیم سماجی اور معاشی ترقی کا اہم ذریعہ ہیں۔ اس کے ساتھ ہی مسٹر برلا نے ان چیلنجوں کو یاد کیا جن کا بابا صاحب کو معیاری تعلیم حاصل کرنے میں سامنا کرنا پڑا۔ مسٹر برلا نے زور دے کر کہا کہ یہ ان کے عزم اور لگن کا ہی نتیجہ تھا کہ بابا صاحب نے قوم کے معمار کا درجہ حاصل کیا ۔ ہمیں ان کی زندگی سے تحریک حاصل کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ بابا صاحب نے تعلیم کو سماجی انقلاب کے طور پر دیکھا۔