ڈائریکٹر و اے پی سی سی ایف فارسٹ پروٹیکشن فورس ( ایف پی ایف) جے ۔فرانکوئی نے آج یوسمرگ میں نئے تعمیر شدہ ایف پی ایف رِپورٹنگ سینٹر کا اِفتتاح کیا۔
اِس موقعہ پر جے فرانکوئی نے کہا کہ بڈگام ضلع میں بالخصوص غیر محفوظ علاقوں میں فارسٹ پروٹیکشن گرڈ کو مضبوط بنانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جارہے ہیں تاکہ جنگلات کے خلاف سرگرمیوں کو صفر پر لایا جاسکے۔ اُنہوں نے فارسٹ پروٹیکشن کے لئے جدید ٹیکنالوجی جیسے سرویلنس ڈرون ، وائرلیس سسٹم ، جی پی ایس وغیرہ کے اِستعمال کرنے کی ہدایت دی۔
اُنہوں نے فارسٹ پروٹیکشن کے نیٹ ورک کو مضبوط بنانے کے لئے ایف پی ایف اور جنگلاتی علاقوں کے درمیان انٹیلی جنس شیئر نگ پر زور دیا جس میں جنگلات کے کنٹرول روموں اور ایف پی ایف رِپورٹنگ سینٹروں کے چوبیس گھنٹے کام کرنااور ایف پی ایف کے اہلکاروں کی موبائلٹی میں اِضافہ کرنا شامل ہے۔
جے ۔فرنکوئی نے مقامی پنچایت کی مشاورت سے بالخصوص خواتین کے لئے جنگل پر مبنی ذریعہ معاش پیدا کرنے کے لئے ایک رَسائی پروگرام ترتیب دینے کی ہدایت دی۔
اُنہوں نے قبائلی طبقے کے ساتھ بات چیت کے دوران قبائلی اور مقامی طبقوں کے غربت سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لئے جنگلات پر مبنی ذریعہ معاش سپورٹ پروگرام شروع کرنے کی ہدایت دی۔
اُنہوں نے حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور ماحولیاتی تفریحی پارک کی ترقی ، ایف پی ایف رِپورٹنگ سینٹر کے اِرد گرد مختلف ایگر و سٹولوجیکل اور بانس پر مبنی اقدامات سے بنجر ڈھلوان کو سبز کرنے کی بھی ہدایت دی تاکہ یوسمرگ کے علاقے میں سیاحتی شعبے کو فروغ دیا جاسکے۔
اِس موقعہ پر ڈائریکٹر ایف پی ایف کے ہمراہ جوائنٹ ڈائریکٹر فارسٹ پروٹیکشن فورس کشمیر عرفان رسول وانی ، ڈپٹی ڈائریکٹر فارسٹ پروٹیکشن فورس بڈگام منظور احمد بٹ ، ڈی ایف او بڈگام محمد اشرف کٹو اور محکمہ کے دیگر سینئر اَفسران بھی موجو دتھے۔