مرکزی حکومت کے عوامی رَسائی پروگرام کے ایک حصے کے طور پرمرکزی وزیر مملکت بندرگاہ ، جہاز رانی ، آبی گزرگاہ اور سیاحت شریپاد یسو نائک نے ضلع ڈوڈہ کا دو روزہ دورہ مکمل کیا۔مرکزی وزیر مملکت نے دورے کے دوسرے دِن بھدرواہ کے مشہور مندروں کا دورہ کیا اور حاضری دی جن میں چنوٹ مندر،گپت گنگا،واسو کی دیو مندر اور گتھا مندر شامل ہیں ۔ اس کے علاوہ گتھا کے مشہور سیاحتی پارکا بھی معائینہ کیا۔دورے کے دوران متعدد وَفود او راَفراد نے مرکزی وزیر مملکت سے ملاقات کی اور مذہبی یاترا،کیلاش یاترا میں یاتریوں کو بنیادی سہولیات کی بہتری کے حوالے سے اَپنے مطالبات گوش گزار کئے۔مرکزی وزیر مملکت نے مقامی لوگوں کو یقین دِلایا کہ اُن کے تمام مطالبات پی آر آئی کے نمائندوں اور ضلعی اِنتظامیہ کی جانب سے ان کے سامنے پیش کئے جاچکے ہیں اور آئندہ دِنوں میں ان کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا۔اِس موقعہ پر ڈی ڈی سی چیئرمین ڈوڈہ دھنتر سنگھ کوتوال ،ضلع ترقیاتی کمشنر ڈوڈہ وِکاس شرما، ناظم سیاحت جموں ویویکا نند رائے اور دیگر اَفسران موجود تھے۔