نئی دہلی/ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو اپنی حکومت کی ترجیح قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ گزشتہ 9 سالوں کے دوران حکومت ہند روزگار کے امکانات کو مرکز میں رکھتے ہوئے کام کر رہی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے منگل کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے ملک بھر کے 45 مراکز پر سرکاری محکموں میں 70000 سے زیادہ نئے تعینات نوجوانوں کو تقرری کے خطوط فراہم کیے۔اس موقع پر وزیر اعظم مودی نے کہا ”روزگار میلہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قومی ترقی میں ان کے تعاون میں حصہ ڈالنے کا ایک موقع ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ شراکت داری کو مضبوط کیا جائے۔ گزشتہ 9 سالوں کے دوران حکومت ہند کی ہر اسکیم، ہر پالیسی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کر رہی ہے۔“سرکاری نوکریاں حاصل کرنے والے نوجوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ”آج 70 ہزار سے زیادہ نوجوانوں کو حکومت ہند کے مختلف محکموں میں سرکاری ملازمتوں کے لیے تقرری خط مل رہے ہیں۔ آپ سب نے محنت سے یہ کامیابی حاصل کی ہے۔ میں آپ کو اور آپ کے خاندان کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔“لوک سبھا انتخابات کے نتائج کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ”نو سال پہلے اسی دن یعنی 16 مئی 2014 کو لوک سبھا انتخابات کے نتائج آئے تھے۔ پھر پورا ملک جوش، ولولہ اور یقین سے لبریز ہو گیا۔ ہندوستان جو سب کا ساتھ، سب کا وکاس کے منتر کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے، آج ایک ترقی یافتہ ہندوستان بننے کی کوشش کر رہا ہے۔ آج ہندوستان جس رفتار اور پیمانے پر کام کر رہا ہے وہ آزادی کے 75 سال کی تاریخ میں بھی بے مثال ہے۔“پچھلے 9 سالوں کے دوران بدعنوانی کے خاتمے اور بھرتی کے عمل میں شفافیت لانے کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا ”پچھلے 9 سالوں میں حکومت ہند نے سرکاری بھرتی کے عمل کو تیز تر، زیادہ شفاف اور منصفانہ بنانے کو ترجیح دی ہے۔ آج درخواست دینے سے لے کر نتائج حاصل کرنے تک کا سارا عمل آن لائن ہو گیا ہے۔ آج دستاویزات کی خود تصدیق کرنا بھی کافی ہے۔ گروپ سی اور گروپ ڈی کے عہدوں پر بھرتی کے لیے انٹرویوز بھی ختم ہو چکے ہیں۔ ان تمام کوششوں سے کرپشن اور اقربا پروری کا خاتمہ ہوا ہے۔“