بارہمولہ میں گجرات کے سیاح کی حرکت قلب بند ہونے سے فوت
سرینگر/15اپریل///بارہمولہ پٹن میں بی ایس این ایل کا ایک ملازم ڈیوٹی کے دوران بجلی کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل بن گیا ہے ۔ ادھر بارہمولہ میں ایک سیاح کی حرکت قلب بند ہونے سے موت ہوئی ہے شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع کے پٹن علاقے میں ہفتہ کی دوپہر کو بی ایس این ایل کے ایک ملازم کی ڈیوٹی کے دوران بجلی کا جھٹکا لگنے سے موت ہو گئی۔ذرائع نے بتایا کہ بی ایس این ایل ایکسچینج پٹن میں یومیہ اجرت پر کام کرنے والے بی ایس این ایل کے ملازم کو ڈیوٹی کے دوران بجلی کا جھٹکا لگا۔انہوں نے بتایا کہ ملازم کی شناخت مشتاق احمد میر (48) ولد ولی محمد میر ساکن تانترے پورہ پٹن کے طور پر ہوئی ہے جسے ایس ڈی ایچ پٹن منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ قانونی اور طبی کارروائی کے بعد لاش کو قانونی ورثاءکے حوالے کیا جا رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پولیس نے اس حوالے سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ادھر شمالی کشمیر بارہمولہ ضلع کے ٹنگمرگ علاقے میں ہفتہ کی دوپہر کو گجرات کا ایک سیاح اچانک بے ہوش ہو گیا اور اس کی موت ہو گئی۔انہوں نے کشمیر اسکرول کو بتایا کہ ایک سیاح وریندر جمنا داس وورا ولد جمنا داس وورا ساکن وسنت ولا، ناگنیہ سیری کلیانی مندر چوک، جام نگر گجرات اچانک بے ہوش ہوگیا۔اسے اس کے رشتہ داروں نے علاج کے لیے ٹنگمرگ بارہمولہ لے جایا لیکن ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔ دریں اثناءپولیس نے نوٹس لیتے ہوئے مزید کارروائی شروع کر دی ہے۔













