آئی ٹی آئی راجوری کے دورہ کے دوران معیاری تکنیکی تعلیم پر زور دیا
پرنسپل سیکرٹری اسکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ( ایس ڈی ڈی ) ڈاکٹر اصغر حسن سامون نے آج آئی ٹی آئی راجوری کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ایک انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی لیب کا افتتاح کیا اور ادارے کے مختلف حصوں کا معائینہ کیا ۔ لیب کو تربیت حاصل کرنے والوں کو بہتر مواصلات اور معلومات کے وسائل فراہم کرنے کے مقصد سے کھولا گیا تھا ۔ تقریب کے دوران ڈاکٹر سامون نے تربیت حاصل کرنے والوں سے بات چیت کی اور خطے میں معیاری تکنیکی تعلیم کی فراہمی پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ پرنسپل سیکرٹری نے تیز رفتار ترقی اور پیش رفت کیلئے زندگی کے ہر پہلو میں ٹیکنالوجی کو مربوط کرنے کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا ۔ انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی لیب سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ تربیت حاصل کرنے والوں کیلئے علم اور رسائی کے درمیان فرق کو ختم کرے گی ، انہیں ضروری تکنیکی مہارتوں سے آراستہ کرے گی اور ان کے مستقبل کیلئے نئے مواقعے کھولے گی ۔ اپنے دورے کے دوران انہوں نے آئی ٹی آئی کے طلباءاور فیکلٹی ممبران سے بات چیت کی اور کلاس رومز اور لیبز کا معائینہ کیا ۔ آئی ٹی آئی کے طلباءکے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سامون نے ان کی تربیت کی مدت کے دوران ان کو دستیاب وسائل کا بہترین استعمال کرنے کی ترغیب دی ۔ انہوں نے فیکلٹی پر زور دیا کہ وہ طلباءکو معیاری تربیت فراہم کریں اور عملی نصاب پر توجہ دیں ۔ پرنسپل سیکرٹری نے ’ بیک ٹو ولیج ‘ پروگرام کے دوران شناخت کئے گئے نوجوانوں کے تربیت یافتہ افراد سے بھی بات چیت کی اور ان کی خواہشات پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے اس بارے میں بھی رہنمائی فراہم کی کہ اس طرح حاصل کردہ علم اور مہارت کے لحاظ سے اپنی صلاحیتوں کو زیادہ سے زیادہ بڑھایا جائے ۔ بعد ازاں پرنسپل سیکرٹری نے انڈسٹریل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے بہترین تربیت حاصل کرنے والوں میں اسناد تقسیم کیں اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے ان کے پیشہ وارانہ سفر میں کامیابی کی خواہش کی ۔