سری نگر،سوپور،ہندوارہ:۷،مارچ/اندرانگر سری نگر، ڈانگرپورہ سوپوراور وارپورہ راجوارہندوارہ میںرونما ہونے والی آگ کی3 وارداتوںکے دوران ایک سینئر صحافی کے رہائشی مکان ،ایک کمرشل بلڈنگ،2رہائشی عمارت اورایک گاﺅ خانہ خاکستر ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سری نگر کے ہائی سیکورٹی والے اندرا نگر علاقے میں منگل کی صبح آگ کی ایک واردات رونما ہوئی ۔معلوم ہواکہ یہ آگ بین الااقوامی خبررساں ادارے ’رائٹرز‘سے وابستہ سینئر صحافی اور بیورﺅ چیف شیخ مشتاق کے گھر میں نمودار ہوئی ۔خاندانی ذرائع نے بتایا کہ آگ گھر کی پہلی منزل میں منگل کی صبح 9 بجے کے قریب نمودار ہوئی۔مکان کی نچلی منزل میں رہائش پذیر افرادخانہ کو پڑوسیوں نے آگ نمودارہونے کے بارے میں آگاہ کیا، جنہوں نے بعدازاںآگ بجھانے میں مدد کی۔ خاندان کے ایک رکن نے بتایا کہ پہلی منزل اور اٹاری کو مکمل طور پر نقصان پہنچا ہے۔اُدھر شمالی قصبہ سوپور کے ایک مضافاتی علاقہ ڈانگرپورہ میں منگل کی دوپہر کو ایک تجارتی کمپلیکس اور رہائشی عمارت میں زبردست آگ لگ گئی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ ڈنگر پورہ سوپور میں عبدالمجید بانڈے کی کمرشل عمارت اور رہائشی عمارت میں دوپہرکے وقت آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد فائراینڈ ایمرجنسی سروسزکے اہلکار آگ بجھانے والی گاڑیاں لیکر یہاں پہنچے ،اورانہوںنے کمرشل عمارت اور مکان سے بھڑکنے والے شعلوں پرقابو پانے کی کارروائی عمل میں لائی ۔پولیس نے مزید کہا کہ مقامی لوگوں اور فائر سروس ڈیپارٹمنٹ کی بھرپور کوششوں کے بعدہولناک آگ پر قابو پالیا گیا اور اس کو پھیلنے سے روکا گیا، کیونکہ علاقہ گنجان ہے۔آگ لگنے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی تاہم بجلی شارٹ سرکٹ وجہ بتائی جاتی ہے۔اس دوران وارپورہ راجوار میں پیر اور منگل کی درمیانی رات آگ کی ایک ہولناک واردات میں محمد شفیع خان نامی کا رہائشی مکان اور ثناواللہ میرکا گاﺅ خانہ خاکستر ہوا۔جبکہ اس واردات میں لاکھوں روپے مالیت کا گھریلوسامان راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگیا ۔اگر چہ فائر اینڈ ایمرجنسی کے اہلکار اور مقامی لوگوں نے آگ بجھانے کی انتھک کوشش کی تاہم مذکورہ رہائشی مکان اور ایک گاوخانہ مکمل طور خاکستر ہوا تھا ۔ آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی۔