نئی دہلی،23جنوری/یوم جمہوریہ سے پہلے، دہلی پولیس نے غیر قانونی اسلحہ بنانے اور سپلائی کرنے والے گروہ کا پردہ فاش کیا اور 34 پستول برآمد کیے۔ اس دوران پولیس نے بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ بنانے کا سامان بھی برآمد کیا ہے۔ ملزمین بدنام زمانہ مجرموں جیسے گوگی گینگ وغیرہ کے ارکان کو دہلی-این سی آر اور یوپی میں ہتھیار فراہم کرتے تھے۔دہلی پولیس کے اسپیشل سیل کے ڈی سی پی پرتاپ سنگھ کے مطابق شاملی کے رہنے والے نوید رانا کو 13 جنوری کو نریلا علاقے میں چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا ہے۔ نوید سے مختلف ساخت کے 19 پستول اور 3 کارتوس برآمد ہوئے۔ ملزم نوید سے پوچھ گچھ کے بعد 20 جنوری کو کیرانہ کے گاو¿ں کاندھلہ میں چھاپہ مارا گیا اور غیر قانونی اسلحہ بنانے والے سلیم کو گرفتار کیا گیا۔ سلیم سے پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ گاو¿ں میں ہی گنے کے کھیت میں غیر قانونی اسلحہ بنانے کی فیکٹری کھولی ہوئی ہے۔ پولیس نے فیکٹری پر چھاپہ مارا، جہاں سے 10 پستول، 1 بندوق اور بھاری مقدار میں غیر قانونی اسلحہ بنانے کا سامان برآمد ہوا۔ملزم نوید رانا نے پوچھ گچھ کے دوران انکشاف کیا کہ اس کا بھائی آصف ایک عادی مجرم ہے، جو اس وقت آرمس ایکٹ، چوری اور این ڈی پی ایس ایکٹ جیسے مقدمات میں اتر پردیش کی مظفر نگر جیل میں بند ہے۔ ملزم سلیم کے بارے میں اسے اس کے بھائی آصف نے بتایا تھا۔ وہ سلیم کی فیکٹری سے دہلی-این سی آر اور یوپی میں گوگی گینگ وغیرہ جیسے بدنام زمانہ مجرموں کو ہتھیار فراہم کرتا تھا۔ اس کے بدلے میں اسے کمیشن ملتا تھا۔ملزم سلیم پر پہلے ہی 7 مقدمات درج ہیں، اس پر عصمت دری اور فسادات میں ملوث ہونے کا بھی الزام ہے۔ سلیم پر سال 2015 میں اپنے گاو¿ں کے تھانے کو آگ لگانے کا بھی الزام ہے۔ پولیس کے مطابق سلیم گزشتہ کئی سالوں سے غیر قانونی اسلحہ بنانے میں ملوث تھا اور کئی بڑے مجرموں سے رابطے میں تھا۔