پرجوش مقامی لوگوں نے حکومت کا شکریہ ادا کیا
اننت ناگ ۔9؍ جنوری/ مرکزیکی طرف سے اسپانسر شدہ اسکیم کے تحت جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے ڈورو بلاک میں ٹیتھن کے ایک قبائلی علاقے کے رہائشیوں کو تقریباً 75 سال بعد بجلی کا کنکشن ملا ہے۔ مرکزی اسپانسرڈ پی ایم ڈیولپمنٹ پیکیج اسکیم کے تحت صرف 200 افراد کی آبادی والے اس دور افتادہ گاؤں میں اب بجلی پہنچ چکی ہے۔ اننت ناگ کی پہاڑیوں پر واقع تیتھن کے رہائشی اس وقت خوش ہوئے جب گاؤں میں تقریباً 75 سال بعد پہلی بار پہلا بلب روشن ہوا۔ 75 سالوں سے، اس گاؤں کے لوگ اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے روایتی لکڑی پر انحصار کرتے تھے اور لیمپ اور موم بتی کی روشنی کا استعمال کرتے تھے۔ ایک رہائشی فضل الدین خان نے کہا کہ ہم نے آج پہلی بار بجلی دیکھی ہے، ہمارے بچے اب روشنی میں تعلیم حاصل کریں گے، وہ خوش ہوں گے، بجلی نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں کافی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ ہم اب تک اپنی توانائی کی ضروریات کے لیے روایتی لکڑی پر انحصار کرتے تھے، اب ہمارے مسائل حل ہو گئے ہیں، ہم بجلی فراہم کرنے پر حکومت اور متعلقہ محکمے کے مشکور ہیں۔ روشنی کو دیکھ کر خوشی کے اس لمحے کو منانے کے لیے مسرور شہری رقص کرنے لگے۔ ایک اور رہائشی ظفر خان نے کہا، "میں 60 سال کا ہو گیا ہوں۔ آج میں نے پہلی بار بجلی دیکھی۔ ہم ایل جی صاحب اور ڈی سی صاحب کے بے حد مشکور ہیں۔ ہم محکمہ بجلی کے بھی شکر گزار ہیں۔ پچھلی نسلیں بجلی کا معجزہ نہ دیکھ سکیں۔ آج ہم خوش قسمت ہیں کہ حکومت نے بجلی فراہم کی ہے۔